ملک بچانے کیلئے قائد عظم کے افکار پر عمل کرنا ضروری ہے ‘میاں مقصوداحمد

جمعرات 25 دسمبر 2014 17:34

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25 دسمبر 2014ء ) امیر جماعت اسلامی لاہورمیاں مقصود احمد نے کہا ہے کہ ملک بچانے کے لیے قائد عظم کے افکار پر عمل کرنا ضروری ہے ۔اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ اسلام ہمیں محبت ،شفقت،ایثار،اور قربانی کا درس دیتا ہے جبکہ سرمایہ سونے کی چٹان ہے۔ سرمائے کی خدائی انسان کی بھلائی پر منتج ہوہی نہیں سکتی۔ سرمایہ دارانہ نظام اور انسانی معاشرے کی فلاح کا آپس میں کوئی رشتہ نہیں۔

جہاں جہاں سرمایہ دارانہ جمہوریت درآئی ہے ہاں سیاست میں سود خوروں،بدمعاشوں،جواریوں اور جرائم پیشہ افراد کی پذیرائی ہے۔ امریکہ سے بھارت اور پاکستان تک سیاست دوگنے چوگنے منافع کی تجارت ہے۔ امریکہ اور اس کے معاشی نمونے کی تقلید کرنے والے ملکوں میں معاشی عدم مساوات کی بڑھتی ہوئی شرح سیاسی عدم مساوات کا سبب بن رہی ہے۔

(جاری ہے)

ایسے نظام میں معاشی ترقی کے مواقع بھی یکساں نہیں ہیں امیر امیر تر ہوتا جارہا ہے اور غریب غریب تر۔

معاشرتی شراکت داری اور سرگرمیاں ماند پڑ رہی ہیں۔انھوں نے کہا کہ سرمایہ دارانہ نظام پوری دنیا میں بتدریج معاشی عدم مساوات پھیلا رہا ہے۔ یہ بینکار ،ماہرین معاشیات اور سرمایہ دار، ملکوں کے سیاسی ،معاشی اور معاشرتی معاملات میں دخل اندازیاں کرتے ہیں۔ یہاں انسانی حقوق کی پامالی اور ناانصافیاں عام ہیں ۔انھوں نے کہا کہ قائد کے پاکستان کو سرمایہ دارانہ نظام سے بچانا ہوگا ۔