گیس اور بجلی کی لوڈشیڈنگ میں اضافے کے باعث لاہورسمیت پورے صوبے میں عوام سراپااحتجاج ہیں‘سید وسیم اختر

جمعرات 25 دسمبر 2014 17:34

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25 دسمبر 2014ء ) پارلیمانی لیڈرصوبائی اسمبلی و امیرجماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹرسیدوسیم اخترنے گیس اور بجلی کی لوڈشیڈنگ میں اضافے پر تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہاہے کہ ایک طرف لاہور میں50فیڈر بند ہونے سے کئی علاقے تاریخی میں ڈوب گئے ہیں تو دوسری طرف حکومت نے لوڈشیڈنگ کے دورانیے میں اضافہ کردیا ہے،دن بدن گیس بحران بھی شدت اختیار کرتاچلاجارہاہے جس کے بعد لاہورسمیت صوبے کے دیگر بڑے شہروں میں بھی عوامی احتجاج جاری ہے ایسے میں فروخت کنندگان،ڈسٹری بیوٹرز اور سپلائی کرنے والی کمپنیوں کی جانب سے ایل پی جی کی قیمتوں میں30روپے سے50روپے تک اضافہ قابل مذمت ہے۔

لوگوں کاایل پی جی سلنڈر کی تلاش میں مارے مارے پھرنامعمول بن چکا ہے۔

(جاری ہے)

اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ ناجائز منافع خور ایل پی جی سلنڈر منہ مانگے داموں فروخت کررہے ہیں جبکہ ان کو پوچھنے والاکوئی نہیں۔حکومت کو اس بحران سے نمٹنے کے لئے گراں فروشوں کے خلاف سخت ایکشن لیناچاہئے۔پائپ لائن تباہ ہونے اورگیس کی بڑھتی قلت کے باعث جہاں عوامی زندگی مشکل سے مشکل تر ہوچکی ہے وہاں کاروباری سرگرمیاں بھی معطل ہوگئی ہیں۔

حکومت کی جانب سے صنعتی شعبہ کو گیس کی مکمل فراہمی بند ہونے کی وجہ سے صنعتی پہیہ جام اور بے روزگاری میں اضافہ ہوچکا ہے۔عوام کو کسی بھی قسم کاکوئی ریلیف میسر نہیں۔ڈاکٹر سید وسیم اختر نے مزیدکہاکہ حکمران صرف ڈیڑھ برس میں ہی عوام میں اپنی مقبولیت کھوچکے ہیں۔حکمرانوں کے دعوؤں کے برعکس عوامی مشکلات میں کمی کی بجائے اضافہ ہورہا ہے۔رہی سہی کسر مہنگائی نے پوری کردی ہے۔

اشیاء خوردونوش کی قیمتیںآ سمان سے باتیں کررہی ہیں۔دووقت کی روٹی کمانابھی مشکل ہوگیاہے۔جب تک حکومت عوامی مسائل کی طرف توجہ نہیں دے گی تب تک درپیش بحرانوں سے نجات ممکن نہیں۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیاکہ18کروڑعوام کوریلیف فراہم کرنے کے لئے ایل پی جی کی قیمتوں کو کم اور مہنگائی کوکنٹرول کرنے کے لئے واضح طور پر اقدامات کئے جائیں۔بجلی وگیس کے شارٹ فال کو جلد ازجلد پوراکیاجائے تا کہ منجمدعوامی حیات اور صنعتی پہیہ رواں دواں ہوسکے۔

متعلقہ عنوان :