سرینگر،نوجوانوں کو گرفتار، ہراساں کرنے کیخلاف جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کا دھرنا

جمعرات 25 دسمبر 2014 17:08

سرینگر (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25 دسمبر 2014ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی پولیس کی جانب سے جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے احتجاجی دھرنے کے شرکا پر طاقت کے وحشیانہ استعمال سے متعدد افراد زخمی ہوگئے ۔ اطلاعات کے مطابق جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک کی قیادت میں درجنوں لوگوں نے نوجوانوں کو گرفتار او ر انہیں ہراساں کرنے کی کارروائیوں کیخلاف سرینگر کے علاقے مائسمہ میں احتجاجی دھرنا دیا۔

عینی شاہدین نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ بڑی تعداد میں بھارتی پولیس اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر دھرنے کے شرکا ء کو زبردستی منتشر کرنا چاہا جس سے پولیس اور مظاہرین کے درمیان تصادم پیدا ہوا ۔ پولیس نے دھرنے کے شرکا کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس کے شیل فائر کئے جس سے اٹھارہ افراد زخمی ہوگئے، شیلنگ سے محمد یاسین ملک کی حالت بھی خراب ہوگئی جنہیں صورہ ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

(جاری ہے)

مائسمہ، کوکر بازار، بڈشاہ چوک اور لالچوک کے علاقوں میں اس موقع پر مکمل ہڑتال کی گئی۔ جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے ترجمان نے ایک بیان میں دھرنے کے شرکا پر طاقت کے وحشیانہ استعمال کی سخت مذمت کی ہے۔یاد رہے کہ محمد یاسین ملک کوتقریباً دو ماہ سے زائد عرصے کی غیر قانونی نظر بندی سے منگل کی شام کو رہاکیا گیا تھا۔ انہیں نام نہاد اسمبلی انتخابات کے بائیکاٹ کی مہم کے دوران 30اکتوبرکوگرفتار کیا گیاتھا۔

متعلقہ عنوان :