ایم کیو ایم آزادکشمیرنے طویل غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کیخلاف سول سوسائٹی کے احتجاج کی حمایت کردی

جمعرات 25 دسمبر 2014 17:06

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25 دسمبر 2014ء) ایم کیو ایم آزادکشمیرنے طویل غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کیخلاف سول سوسائٹی کے احتجاج کی حمایت کردی ‘واپڈا اور محکمہ برقیات کے حکام پر شدید تنقید ‘چند لوگوں کی نااہلی کے باعث پوری ریاست اندھیروں میں ڈوبی ہوئی ہے ‘ سول سوسائٹی کے ایک وفد سے ملاقات کے بعد ایم کیو ایم آزادکشمیر کے پارلیمانی لیڈر محمد طاہرکھوکھر جو صوبائی تنظیمی کمیٹی کے جوائنٹ انچارج بھی ہیں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آزادکشمیر میں لوڈشیڈنگ کی بڑی وجہ واپڈا اور برقیات حکام کی نااہلی ہے ‘ چند لوگوں کی نااہلی کی سزا پوری ریاست بھگت رہی ہے اور نظام زندگی مفلوج ہوچکا ہے ‘چھوٹے کاروباری حضرات بے روزگار ہورہے ہیں ‘ طلباء و طالبات کی تعلیم کاحرج ہورہا ہے ‘ دفاتر میں کام ٹھپ ہے اور شام ہوتے ہی دار الحکومت سمیت پوری ریاست اندھیروں میں ڈوب جاتی ہے جو اس لئے قابل مذمت ہے کہ اس وقت آزادکشمیر میں ہزارو ں میگاپراجیکٹس کے ہائیڈرل پراجیکٹس پر کام شروع ہے جبکہ ریاست 1800 میگاواٹ سے زائد بجلی کی پیداوار دے رہی ہے جبکہ اس کی 350 میگا واٹ کی جائیز ضروریات پوری نہیں کی جارہیں۔

(جاری ہے)

طاہرکھوکھر نے کہاکہ بجلی کی لوڈشیڈنگ میں محکمہ برقیات کے حکام بھی قصور وار ہیں ‘ جو لائن لاسز سمیت دیگر خامیوں پر قابو نہیں پاسکے اور نہ ہی بجلی چوری روکی جاسکی ہے۔ اگر برقیات کے حکام گزشتہ کئی سالوں سے لوڈشیڈنگ کا شیڈول طے نہیں کرسکے تو انہیں گھر بیٹھ جانا چاہیے تاکہ ان کی نااہلی کی سزا عوام نہ بھگتیں ۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم نے ہمیشہ آزادکشمیر کو منگلا ڈیم کی رائیلٹی سمیت بجلی کی بلا تعطل فراہمی کامطالبہ کیاہے کیونکہ ایم کیوایم کی قیادت کو آزادکشمیر کے عوام کی قربانیوں کااحسا س ہے جنہوں نے کئی مرتبہ ملک کو روشن کرنے کیلئے اپنے گھر بار حتی کی اپنے آباؤ اجداد کی قبریں تک قربان کیں ۔

یہی وجہ ہے کہ قائد تحریک الطاف حسین بھائی بھی منگلا ڈیم کی رائیلٹی سمیت دیگر مطالبات کے حق میں آوازبلند کرچکے ہیں انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم بلا جواز لوڈشیڈنگ کی مذمت کرتی ہے اور اس کے ذمہ داران کیخلاف سخت کارروائی کامطالبہ بھی کرتی ہے ۔ واپڈا اور برقیات حکام ہوش کے ناخن لیں اور عوام کے جذبات سے مزید نہ کھیلیں ‘وفاقی حکومت حتی کی وزیراعظم پاکستان کی یقین دہانی کے باوجود لوڈشیڈنگ کا سلسلہ قابل مذمت ہے حکومت کو چاہیے کہ وہ بجلی کے کوٹہ سمیت دیگر مطالبات وفاقی حکومت کو پیش کر کے کوئی حل ڈھونڈے ۔

انہوں نے کہاکہ اگر برقیات حکام نے اپنا قبلہ درست نہ کیاتو ایم کیو ایم بھی عوامی احتجاج میں شامل ہوجائے گی جس کی ذمہ داری برائہ راست محکمہ برقیات اور واپڈا کے حکام پر عائد ہو گی۔