پاکستان سنی تحریک کے زیراہتمام ملک بھر میں یومِ قائداعظم ملی جوش وجذبے سے منایا گیا، مختلف شہروں میں اجتماعات کا انعقاد

جمعرات 25 دسمبر 2014 16:58

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25 دسمبر 2014ء) سربراہ پاکستان سُنی تحریک انجینئرمحمدثروت اعجازقادری کی ہدایت پر سُنی تحریک کے زیراہتمام ملک بھر میں ”یومِ قائداعظم“ ملی جوش وجذبے سے منایا گیا اور مختلف شہروں میں اجتماعات منعقد کر کے بانیٴ پاکستان کی حیات و خدمات پر روشنی ڈالی گئی۔ اس سلسلہ میں مرکزاہلسنّت ترنول پر ایک پروقارتربیتی کنونشن منعقدکیاگیا جس سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے سربراہ سُنی تحریک محمدثروت اعجازقادری نے کہا کہ قائداعظم محمدعلی جناح  نے مسلمانانِ برصغیر کو ایک آزاد ریاست کا تحفہ دیکر عظیم احسان کیا ہے ، آج کے دن ہمیں اس عزم کا اعادہ کرنا چاہیے کہ ہم ملک وملت کودرپیش چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے متحد ہوں گے اور ایک اسلامی جمہوری نظام کیلئے مل کر جدوجہد کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قائد اعظم کے بتائے ہوئے رہنما اصول آج کے پاکستان میں نظر نہیں آتے۔ایمان کی حالت یہ ہے کہ اللہ اکبرکانعرہ لگاکرمسلمانوں کو ذبح کیاجارہا ہے۔ خدا اور نبیﷺ پر بھروسے کی بجائے امریکہ اور یورپ پر یقین کیاجارہا ہے۔ اتحاد کی صورتحال یہ ہے ہم آپس میں اس قدر بٹ چکے ہیں جس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی۔تنظیم کا یہ عالم ہے کہ بیرونی اشاروں پرچل کر مادر وطن کی جڑیں کھوکھلی کی جارہی ہیں۔

یہی وجہ ہے کہ پوری دنیا کے اندر ہم رسوا ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح انتہائی مخلص ، ایماندار اور محنتی تھے ،آج ہماری قومی قیادت میں وہ خوبی نظر نہیں آتی ۔ ہمیں قائداعظم کے اصولوں پر عمل پیرا ہو کر اس ملک کو اندرونی وبیرونی سازشوں سے بچانا ہو گا۔ قائداعظم محمد علی جناح نے اپنی پر امن جدوجہد کے ذریعے ساری پاکستان مخالف طاقتوں پر گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا۔

لوگ ان کے کردارکی وجہ سے ان کے پیچھے چلتے تھے۔ہمیں قائداعظم کے اصولوں کو زندہ رکھنا ہے تو اتحاد اور یگانگت کو اپنانا ہو گا۔سیکرٹری جنرل سُنی تحریک محمدشاہدغوری نے کراچی میں میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قائداعظم پاکستان کو مثالی اسلامی فلاحی مملکت بنانا چاہتے تھے۔ ہمارے حکمران قائداعظم کا وژن اختیار کریں۔ملک کو بحرانوں سے نکالنے کیلئے آج پھر پاکستان کو قائداعظم جیسے حکمران کی ضرورت ہے۔

سنی تحریک پنجاب کے صدرمحمدشاداب رضانقشبندی نے فیصل آباد میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بابا ئے قوم نے ہمیشہ مساوات رواداری اور امن کا پیغام دیا ۔ پاکستان کا قیام قائداعظم کا عظیم کارنامہ ہے۔ پاکستان کو بچانے کے لیے نئی نسل کو نظریہ پاکستان سے متعا رف کروانے کی اشد ضرورت ہے۔یومِ قائداعظم کے موقع پرگوجرانوالہ میں ڈاکٹرزاہدحبیب قادری،راولپنڈی میں مفتی لیاقت علی رضوی،لاہور میں علامہ مجاہدعبدالرسول خان، ملتان میں ڈاکٹرعمران مصطفی ، حیدرآباد میں سائیں نوراحمدقاسمی،پشاور میں انعام اللہ خان قادری ،ٹیکسلا میں حاجی طارق محمود، گجرات میں پیرسیدمبشر حسین شاہ نے مختلف اجتماعات سے خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :