ای سی سی کے فیصلے سے اوکاڑہ، پاکپتن اور سیالکوٹ کے آلو پیدا کرنیوالے کسانوں کا معاشی تحفظ یقینی ہو گا‘منظور احمد وٹو

جمعرات 25 دسمبر 2014 16:53

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25 دسمبر 2014ء ) پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر میاں منظور احمد وٹو نے اکنامک کوآرڈینیشن کمیٹی (ECC) کے کل کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے جسکے تحت آلو کی برآمد پر حکومت نے 25 فیصد عائد ڈیوٹی ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس فیصلے سے ملک کو کثیر زرمبادلہ حاصل ہوگا کیونکہ اس دفعہ پاکستان میں آلو کی فصل بہت اچھی ہوئی ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ اس فیصلے سے اوکاڑہ، پاکپتن اور سیالکوٹ کے آلو پیدا کرنیوالے کسانوں کا معاشی تحفظ یقینی ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ اندورن ملک صارفین کے متاثر ہونے کے امکانات بھی کم ہیں کیونکہ ای سی سی نے ایک کمیٹی بنائی ہے جو مارکیٹ کی رسد اور طلب کے رجحانات کو اس حوالے سے مانیٹر کرتی رہے گی تا کہ صارف اور کسانوں کے مفادات متاثر نہ ہوں۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ میاں منظور احمد وٹو نے ای سی سی کے اس فیصلے سے ایک دن پہلے کسانوں کے نمائندہ وفود کے اجلاس کی ضلع اوکاڑہ میں صدارت کرتے ہوئے وزیر خزانہ کو انکا وعدہ یاد دلایا تھا جسمیں انہوں نے آلو پر عائد برآمدی ڈیوٹی ختم کرنے کا کہا تھا اور اس اجلاس کوقومی میڈیا میں نمایاں کوریج دی گئی تھی۔

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اسی طرح کے باقی اچھے فیصلے کرنے میں تاخیر نہ کرے تا کہ موجودہ حکومت کا کسان دشمن حکومت کا تاثر زائل ہو۔ انہوں نے کہا کہ حکومت فوری طور پر ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان کو کھلی منڈی میں کپاس خریدنے کی فورًا ہدایات جاری کرے تا کہ کپاس کی قیمت مارکیٹ میں مستحکم رہے اور کپاس پیدا کرنیوالے کسانوں کا معاشی تحفظ ہو۔

انہوں نے چاول کے کسانوں کے لیے حکومت سے 10 ہزار روپے فی ایکڑ سبسڈی دینے کا پھر مطالبہ کیا کیونکہ کسان اپنی فصل سستے داموں پہلے ہی فروخت کر چکے ہیں اس لیے چاول کی سپورٹ پرائس اسوقت بڑھانے کاکوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ گنے کے کاشتکار سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں کیونکہ اسوقت گنے کی قیمت 150 روپے بہت کم ہے اور اسے 180 روپے فی چالیس کلو گرام ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ غریب گنے کے کاشتکار شوگر ملز مافیہ کے استحصال کا شکار ہیں کیونکہ وہ بروقت ادائیگیاں نہ کرنے کے علاوہ سستے داموں گنا خریدتے ہیں اور اس وقت گنے کے کاشتکاروں کا کوئی پرسان حال نہیں۔

متعلقہ عنوان :