پیپلز پارٹی کو بھٹو اور بی بی کے نظریات سے دورکر نے کے باعث نا قابل تلافی نقصان پہنچ رہا ہے‘سردار حر بخاری

جمعرات 25 دسمبر 2014 16:46

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25 دسمبر 2014ء ) پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما سردار حر بخاری نے کہا ہے کہ پارٹی کو بھٹو شہید اور بی بی شہید کے نظریات سے دورکر دیا گیا ہے جسکے باعث پارٹی کو نا قابل تلافی نقصان پہنچ رہا ہے ،پیپلز پارٹی کو دوبارہ آزاد کشمیر ، گلگت بلتستان اور چاروں صوبوں کی جماعت بنانے کیلئے بھٹو شہید اور بی بی شہید کی سیاسی میراث کو لے کر چلنا پڑے گاجسکے لئے نظریاتی کارکن اپنی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں ،27دسمبر کو محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی برسی کے سلسلہ میں قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی کا انعقاد کیا جائے گا ۔

گزشتہ روز مرکزی سیکرٹریٹ میں کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے سردار حر بخاری نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو کی شہادت کے بعد دیرینہ رہنماؤں اور کارکنوں کی مشاورت کی بجائے من مانے فیصلوں نے پارٹی کو جس نہج پر پہنچا دیا ہے اسے لفظوں میں بیان نہیں کیا جا سکتا ،اگر پیپلز پارٹی کو دوبارہ بھٹو شہید اور بی بی شہید کی جماعت بنانا ہے تو اسے پیرا شوٹ کے ذریعے سے آنے والوں سے پاک کرنا ہوگا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو ہماری شہید قائد کے صاحبزادے اور ہمارے لئے محترم ہیں لیکن انہیں عملی سیاست میں آنے سے قبل واضح اعلان کرنا ہوگا کہ وہ اپنے نانا اور والدہ کی سیاسی میراث کو لے کر چلیں گے اور کسی کی ڈکٹیشن کو قبول نہیں کریں گے ۔ بلاول بھٹو کو کارکنوں کے دل میں جگہ بنانے کیلئے گزشتہ سات برسوں کے بوجھ کو اپنے کندھوں سے اتار پھینکیں۔ سردار حر بخاری نے کہا کہ کل 27دسمبر کو محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی ساتویں برسی عقیدت و احترام سے منائی جائے گی اور ان کی روح کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی کی تقریبات کا انعقاد کیا جائیگا۔

متعلقہ عنوان :