بجلی اور گیس کے جاری بحران نے عوام کی زندگی اجیرن کردی ہے،محمد جمیل

جمعرات 25 دسمبر 2014 16:21

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25 دسمبر 2014ء) پاکستان جمہوری اتحاد کے مرکزی صدر محمد جمیل نے کہا ہے کہ بجلی اور گیس کے جاری بحران نے عوام کی زندگی اجیرن کردی ہے مگر حکمرانوں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی،گزشتہ روز ایک بیان میں انہوں نے کہا شدید سردی کے موسم میں بھی بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے جس سے جرائم پیشہ افراد کی بھی موجیں لگی ہوئی ہیں اوراندھیری راتوں کے باعث صوبہ بھر میں لوٹ مار،ڈکیتی ،راہزنی اور سنگین جرائم کی وارداتیں بھی عروج پر پہنچ چکی ہیں، عمران خان کے دھرناختم کرتے ہی حکمرانوں نے ایک بار پھر عوام کے بنیادی مسائل سے توجہ ہٹا لی ہے اور ہوشربا مہنگائی کا اژدہاغریب طبقات کیلئے وبال جان بن گیا ہے،سوئی گیس کی بدترین لوڈ شیڈنگ سے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑ چکے ہیں اور لوگ کھانے کی تیاری کیلئے اپنی جیب کاٹ کر ایندھن کے متبادل ذرائع استعمال کرنے پر مجبور ہیں، ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافے کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہوں نے کہا حکمران عوام کا خون چوس کراقتدارمیں رہنے کے عادی ہوچکے ہیں ، مسائل اور مشکلات کے بھنور میں پھنسی ہوئی خلق خدا سڑکوں پر نکل آئی توحکمرانوں کا باجا بج جائیگا،انہوں نے مزید کہا پارلیمان قوم کی حقیقی نمائندگی سے عاری نظر آرہی ہے اور کوئی بھی پارلیمانی جماعت عوام کے حقوق کی بات نہیں کررہی۔

متعلقہ عنوان :