سندھ ہائی کورٹ نے 6اضلاع کے 24اساتذہ کی معطلی کے نوٹی فکیشن کو معطل کردیا

جمعرات 25 دسمبر 2014 15:51

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25 دسمبر 2014ء) سندھ ہائی کورٹ نے 6اضلاع کے 24اساتذہ کی معطلی کے نوٹی فکیشن کو معطل کرتے ہوئے آبزرویشن دی ہے کہ گزشتہ کئی ماہ سے صوبے کے سرکاری اساتذہ کو معطل کیا جارہا ہے اور معطل کرنے کے بعد ان اساتذہ کے خلاف کوئی تادیبی کارروائی سامنے نہیں آرہی ہے ۔عدالت نے معطل ہونے والے اساتذہ کے خلاف اب تک ہونے والی کارروائی کی تفصیلات طلب کرلیں ۔

کیس کی سماعت سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس سید حسن اظہر رضوی اور جسٹس عزیز الرحمن پر مشتمل دو رکنی بنچ نے کی ۔

(جاری ہے)

درخواست گذار سرکاری اسکول کے اساتذہ آفاق احمد خان ،ہاشم شر ،احمد آریسر ،عبدالستار عمرانی سمیت 24اساتذہ کے وکیل ملک الطاف جاوید نے موقف اختیار کیا تھا کہ سیکرٹری تعلیم کو اختیار نہیں ہے کہ وہ اساتذہ کو بغیر شوکاز نوٹس جاری کیے معطل کردیں ۔اساتذہ کو صرف بدنیتی کی بنیاد پر معطل کیا جارہا ہے اور انہیں صفائی کا موقع بھی فراہم نہیں کیا جارہا ۔عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 16جنوری تک جواب طلب کرلیا ۔عدالت نے آبزرویشن دی کہ اب تک جن اساتذہ کو معطل کیا گیا ہے ان کے خلاف ہونے والی تادیبی کارروائی سے بھی آگاہ کیا جائے ۔

متعلقہ عنوان :