سانحہ پشاور نے پوری قوم کو جھنجوڑ کر رکھ دیا ہے ، دہشت گردی کیخلاف جنگ جیتنے کیلئے فوج کو عوام کے اتحاد کی ضرورت ہے،عشرت العباد

جمعرات 25 دسمبر 2014 15:50

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25 دسمبر 2014ء) گورنرسندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے کہا ہے کہ سانحہ پشاور نے پوری قوم کو جھنجوڑ کر رکھ دیا ہے ، دہشت گردی کے خلاف جنگ جیتنے کیلئے فوج کو عوام کے اتحاد کی ضرورت ہے ، پوری قوم پاکستان کو پرامن سرزمین بنانے کا عزم کرچکی ہے،قائد اعظم اور رفقاء نے بڑی قربانیوں کے بعد یہ ملک حاصل کیا۔مزار قائد پر حاضری کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ سانحہ پشاور نے پوری قوم کو جھنجھوڑکر متحد کردیا ، مختلف سوچ کے باعث قوم کی جانب سے پاک فوج کو حمایت حاصل نہیں ہورہی تھی لیکن پشاور کے واقعے نے تمام لوگوں کو متحد کر کے دہشت گردوں کو ختم کرنے کی ہمت دی ہے، انہوں نے کہا کہ قائد اعظم کے فرمان پرعمل کرکے ہم تمام چیلنجزکا مقابلہ کرسکتے ہیں، انہوں نے کہا کہ عوام کی مدد کے بغیر فوج کوئی جنگ نہیں جیت سکتی ،دہشت گردی کیخلاف پوری قوم یکجا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پوری قوم پاکستان کو پرامن سرزمین بنانے کا عزم کر چکی ہے، انہوں نے کہا کہ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جنگ جاری رہنی چاہئے، انہوں نے کہا کہ ہمیں امید رکھنی چاہیے ہم یہ جنگ ضرور جیتیں گے۔انہوں نے کہا کہ قائد اعظم اور ان کے رفقاء نے بڑی قربانیوں کے بعد یہ ملک حاصل کیا دہشت گردی کا ناسور پورے ملک میں پھیل چکا ہے ۔ڈاؤ یونیورسٹی کے انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ مینجمنٹ کے افتتاح کے بعد گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر عشرت العباد نے کہا کہ بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے اعلی طبی تعلیم انتہائی ضروری ہے،اگلے سال سے ڈاؤ یونیورسٹی میں لیور ٹرانسپلانٹ شروع کیا جائیگا۔

بعد ازاں کرسمس کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ سانحہ پشاور کے باعث مسیحی برادری کی جانب سے کرسمس کا تہوار سادگی سے منایا جارہا ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ دہشت گردی کے خلاف ملک میں آباد تمام لسانی اور مذہبی اکائیاں متحد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم کے رہنما اصولوں ایمان ، اتحاد اور یقین محکم پر عمل ہی تمام مقاصد کے حصول کا اصل راستہ ہیں۔

متعلقہ عنوان :