دشمنوں کیخلاف مل کر لڑنا ہوگا، دہشت گردی کی جنگ میں بلوچستان نے بھی بھاری قیمت ادا کی ہے

جمعرات 25 دسمبر 2014 15:50

زیارت (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25 دسمبر 2014ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ دشمنوں کیخلاف فیصلہ کن جنگ شروع کرچکے ہیں،قوم زخموں سے چور ہے، سانحہ پشاور نے قوم کو گہرا گھاؤ لگایا ہے، دشمنوں کیخلاف مل کر لڑنا ہوگا، دہشت گردی کی جنگ میں بلوچستان نے بھی بھاری قیمت ادا کی ہے ، پاک فوج کے افسران اور جوان ملک کی خاطر بڑی قربانیاں دے رہے ہیں،قائد اعظم کی تعلیمات سے روشنی حاصل کر کے منزل کی جانب گامزن رہیں گے، اقتصادی راہداری سے خطے کی معیشت میں انقلاب برپا ہوگا۔

زیارت میں قائد اعظم ریزیڈنسی کے دورے کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ دشمنوں کیخلاف فیصلہ کن جنگ شروع ہوچکی ہے، قوم زخموں سے چور ہے، سانحہ پشاور نے قوم کو گہرا گھاؤ لگایا ہے ،دہشتگردی نے ملک کو بہت نقصان پہنچایا اب ان کے ازالے کا وقت ہے،انہوں نے کہا کہ قوم دہشت گردوں کو شکست دیکر پاکستان کو پرامن ملک بنا دیگی،پاک فوج کے افسر اور جوان بڑی قربانیاں دے رہے ہیں، ان کے عزم اور حوصلے پر قوم کوفخر ہے۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے کہا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ قوم اپنے تحفظات بالائے طاق رکھ کر فورسز کیساتھ کھڑی ہوجائے،قوم اتحاد کا مظاہرہ کرکے دشمن پر ثابت کردے کہ وہ کسی سے نہیں ڈرتی،انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی اس جنگ میں بلوچستان نے بھی بھاری قیمت ادا کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم کی تعلیمات سے روشنی حاصل کر کے منزل جانب گامزن رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں نے زیارت ریزیڈنسی تباہ کرنے کی کوشش کی لیکن بلوچستان حکومت نے اسے اس کی اصل حیثیت میں بحال کیا، انہوں نے کہا کہ دکھ کے مواقع گزر جاتے ہیں مگر زندہ قومیں اپنے اوسان بحال رکھتی ہیں، انہوں نے کہا کہ اقتصادی راہداری سے خطے کی معیشت میں انقلاب برپا ہوگا ، بلوچستان اس کا مرکز ہوگا، انہوں نے کہا کہ بلوچستان کو اقتصادی راہداری میں کلیدی اہمیت حاصل ہے ،جلد گوادر پورٹ فعال ہوگی اور گوادر ایئرپورٹ تعمیر کیا جائے گا۔

قبل ازیں صدر مملکت نے زیارت پہنچنے پر قائد اعظم کی ریزیڈنسی میں پرچم کشائی بھی کی ، اس موقع پر گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی، کور کمانڈر سدرن لیفٹیننٹ جنرل ناصر جنجوعہ ، قبائلی عمائدین اور دیگر حکام بھی موجود تھے ۔اس موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے، شہر کے مختلف حصوں اور سڑکوں پر صدر مملکت کی زیارت میں آمد کے حوالے سے خیرمقدمی بینرز آویزاں کئے گئے تھے۔

متعلقہ عنوان :