آئی ایس او پاکستان آج بھی قائد اعظم کے سنہری اصولوں پر کاربند ہے ، تہور عباس حیدری

جمعرات 25 دسمبر 2014 14:57

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25 دسمبر 2014ء) امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صد ر بردار تہور عباس حیدری نے قائداعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش کے حوالے سے اپنے پیغام میں کہاکہ آج وطن عزیز مشکل ترین حالات سے گزر رہاہے۔ جس کی وجہ قائداعظم کے سنہری اصولوں کو فراموش کردیا گیا ہے ۔ملک میں قوم زبان اور مذہب کی بنیاد پر قتل و غارت جاری ہے۔

جبکہ تعلیمی اداروں میں ایک سازش کے تحت قائداعظم کی تعلیمات سے دور کرنے کیلئے نصاب سے قائداعظم کے خطبات نکالے جارہے ہیں جو کہ قابل افسوس ہے۔ قائد اعظم نے اپنے خطبات میں اس بات کا ہمیشہ عزم کیا کہ ہم نے پاکستان کا مطالبہ محض زمین کا ٹکرا حاصل کرنے کیلئے نہیں بلکہ ایسی زمین حاصل کرنا چاہتے ہیں جہاں پر اسلام کے سنہری اصولوں کو آزما سکیں۔

(جاری ہے)

مگر آج ہم دیکھتے ہیں کہ اسلام کو ملک پاکستان میں بدنام کیا جارہاہے۔ پشاور میں اسلام دشمن عناصر نے معصوم طلباء کو اپنی درندگی کا نشانہ بنا ڈالا۔ مرکزی صدر نے کہا کہ ہمیں قائداعظم کے خطبات پر غور و فکر کرنے کی ضرورت ہے جیسا کہ انہوں نے کہا کہ میرے عزیز طلباء تمہاری طرف اس توقع سے دیکھتا ہوں تمہیں مستقبل میں اپنے وطن کاایک ذمہ دار شہری بننا ہے۔

تم اپنی تعلیم پوری محنت،لگن اور نظم و ضبط کے ساتھ جای رکھو۔ تمہارا اصل کام والدین اور ملک سے وفاداری ہے اور اپنی تعلیم پر توجہ مرکوز رکھنا ہے۔ آئی ایس او پاکستان آج بھی قائد اعظم کے سنہری اصولوں پر کاربند ہے۔ قائد اعظم کے اصول ایمان اتحاد تنظیم کے فروغ کے لئے آئی ایس و کے کارکنان مصروف عمل ہیں اور قائد اعظم کے یوم پیدائش پر اس عزم کو دہرانے کی ضرورت ہے کہ بحیثیت طالبعلم قائداعظم کے بتائے ہوئے اصولوں کے مطابق ملک کی ترقی میں اپنا کرادر ادا کریں گے۔ انہوں نے مزید کہاکہ قائد اعظم کے سنہری اصولوں پر کاربند ہوکر ملک کو مشکلات سے نکالاجاسکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :