2015ء صفائی کا سال ہوگا ۔ یہ صفائی جیلوں ، شہروں اور دیہاتوں میں ہوگی جس کے بعدامن آئے گا ،منظور حسین وسان

16،دسمبرکے معصوم شہیدوں کی قربانی نے پوری قوم اور اداروں کو دہشت گردی کے خلاف متحدو متفق کردیا ہے،وزیر جیل خانہ جات سندھ

جمعرات 25 دسمبر 2014 14:57

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25 دسمبر 2014ء) سندھ کے وزیر برائے جیل خانہ جات ، معدنیات و معدنی ترقی اور انسداد بدعنوانی منظورحسین وسان نے کہا ہے کہ 2015ء صفائی کا سال ہوگایہ صفائی ، جیلوں ، شہروں اور دیہاتوں ہر جگہ ہوگی جس کے بعد امن آئے گا ، رونقیں بحال ہونگی اور پھر پوری قوم خوشحالی اور امن کا جشن بھی منائے گی ۔ یہ امن ان شہیدوں کی قربانیوں کے سبب حاصل ہوگا جنہوں نے ملک کی سلامتی، ترقی، خوشحالی ، علم کے پھیلاؤ اور امن کے قیام کے کیلئے اپنی جانیں قربان کردیں ۔

16دسمبر، کو پشاور میں پھول جیسے بچوں کی شہادت قومی سانحہ ہے۔ ان معصوم شہیدوں کے سوگ میں 27، دسمبر کو شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی برسی کو سادگی اور احترام سے منائیں گے ۔ سانئحہ پشاور کے معصوم بچوں کی قربانی اتنی عظیم ہے کہ اس قربانی نے پوری پاکستانی قوم اور تمام اداروں کو دہشت گردی کے خلاف متحدو متفق کردیا ہے ۔

(جاری ہے)

ان شہیدوں کی قربانیوں نے ناممکن کو ممکن بنادیا ہے ۔

اب یہ قومی قیادت کاا متحان ہے کہ وہ ملک و قوم کو کس قدر جلد دہشت گردی سے پاک اور امن ، روداری ، محبت اور خوشحال پاکستان تعمیر کرکے دیتے ہیں ۔وہ خوشحال اورپر امن پاکستان جس کیلئے 1947ء سے لیکر 16، دسمبر 2014ء تک ہمارے بزرگوں اور بچوں نے بے مثال قربانیوں دیں اور اب تک یہ سلسلہ جاری ہے۔ صوبائی وزیر منظور حسین وسان نے ان خیالات کا اظہار آج وسان ہاؤس کراچی میں ملاقات کیلئے آنے والے پارٹی کارکنوں اور لوگوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہا کہ 25دسمبر بانی پاکستان قائد اعظیم محمد علی جناح کی پیدائش کا دن ہے ۔ یہ تاریخ مسیحی برادری کے مقدس مذہبی تہوار کرسمس کا دن بھی ہے ۔ لہذا اس دن کی وساطت سے ہمیں قائد اعظیم کی تعلیمات کے مطابق پاکستان کو تمام مذہبی برادریوں کیلئے یکساں حقوق کی ضامن سرزمین کے طور پر اجاگر کرنے کیلئے عملی اقدامات دکھانا ہونگے ۔

متعلقہ عنوان :