مائی بھاگی کے تھرمیں موت کا رقص جاری

جمعرات 25 دسمبر 2014 14:53

مائی بھاگی کے تھرمیں موت کا رقص جاری

تھرپارکر(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25 دسمبر 2014ء)مائی بھاگی کے تھرمیں موت کا رقص جاری ہے، جمعرات کو مزید تین بچے زندگی کی بازی ہار گئے، 85روز میں ہلاکتوں کی تعداد 240ہوگئی ہے۔تفصیلات کے مطابق تھرپارکرمیں غذائی قلت اور موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث ننھے بچوں کی ہلاکتوں کا تسلسل جاری ہے جمعرات کو مزید تین ننھی کلیاں مرجھا گئیں۔گاؤں پاڑہ کالونی میں غذائی قلت سے بیمار ایک بچہ دم توڑ گیا ، سول اسپتال مٹھی سے حیدرآباد منتقل ہونے والے ڈیڑھ سالہ عابد اور مٹھی کے گاؤں پنج پڑا میں بیس دن کی بچی آمنہ بنت محمد رحیم دم توڑ گئی جبکہ سول اسپتال مٹھی میں 50بچے زیر علاج ہیں ۔

تین بچوں کو مٹھی ہسپتال سے حیدرآباد منتقل کیا گیا ہے اور 85 روز میں ہلاک ہونے والے بچوں کی تعداد 240 ہو گئی ۔

(جاری ہے)

حکومتی دعوے اور امداد صرف اعلانات اور فائلوں کی حد تک ہی محدود ہیں۔ تھرپارکر کے متاثرہ علاقوں میں امدادی گندم کی ترسیل بھی شروع نہیں ہو سکی ہے۔ اسپتالوں میں ادویات کی کمی کے باعث والدین پریشان ہیں۔ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ مائیں غذائی قلت کا شکار ہیں، جس سے بچے کمزور پیدا ہو رہے ہیں۔ بچوں کی اموات کی بڑی وجہ قبل ازوقت پیدائش اور وزن کم ہوناہے۔ سینکڑوں دیہاتوں میں خشک سالی برقرار ہے جبکہ ہزاروں افراد بے بسی کی تصویر بن کر رہ گئے ہیں۔