بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کا 138واں یوم ولادت قومی جوش و جذبے سے منایا گیا

جمعرات 25 دسمبر 2014 14:51

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25 دسمبر 2014ء) بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کا 138 واں یوم ولادت جمعرات کو قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایاگیا۔کراچی میں بابا ئے قوم کے138 ویں یوم ولاوت کے سلسلے میں مزار قائد میں گارڈ کی تبدیلی کی پر وقار تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق قائداعظم محمد علی جناح کے یوم ولادت پر دن کا آغازکراچی میں 21توپوں کی سلامی سے ہوا اور اس موقع پر مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب منعقد کی گئی اور فاتحہ خوانی کی گئی۔

مزار قائد کی سکیورٹی کی ذمہ داریاں پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول کے چاک و چوبند دستے کے حوالے کی گئیں۔ اس موقع پر پا کستان ملٹری اکیڈمی کاکول کے 84 افراد پر مشتمل دستے نے مزار قائد پر گارڈز کے فرائض سنبھال لئے ہیں اس سے قبل پاک فضائیہ کے کیڈٹ فرائض یہ انجام دے رہے تھے۔

(جاری ہے)

میجر جنرل ندیم رضاکمانڈنٹ پاکستان ملٹری اکیڈمی نے پریڈ کا معائنہ کیا۔

پھولوں کی چادر چڑھائی ،فاتحہ خوانی کی اور مہمانوں کی کتاب میں تاثرات قلمبند کئے۔ گورنز سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان اور سندھ کابینہ کے اراکین سمیت سماجی اور سیاسی شخصیات نے مزار قائد پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔بانی پاکستان کے یوم پیدائش کے موقع پر ملک بھر میں عام تعطیل تھی جب کہ سرکاری و غیر سرکاری اداروں کی جانب سے خصوصی تقریبات، سیمینارز، کانفرنسوں اور مذاکروں کا اہتمام کیا گیا۔

پاکستان ٹیلی ویژن ریڈیو پاکستان اور نجی چینلز پر بانی پاکستان کی زندگی اور جدوجہد آزادی میں ان کے کردار پر خصوصی پروگرام جبکہ اخبارات اور رسائل میں خصوصی مضامین شائع کیے گئے ۔تقریبات کے حوالے سے مزار قائد کے اطراف میں سکیوریٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے مزار قائد کے اطراف میں پولیس اور رینجرز کے اہلکاروں کی بڑی تعداد سیکورٹی پر معمور تھی۔

واضح رہے کہ قائداعظم محمد علی جناح 25 دسمبر 1876 کو وزیر مینشن کراچی میں جناح پونجا کے گھر پیدا ہوئے، آپ اپنے 7 بہن بھائیوں میں سب سے بڑے تھے، آپ نے اپنی ابتدائی تعلیم کراچی اور ممبئی میں حاصل کی اور پھر اعلی تعلیم کے لئے لندن چلے جہاں سے 1895 میں قانون کی ڈگری حاصل کی اور ساتھ ساتھ سیاست میں بھی گہری دلچسپی لینے لگے۔ قائد اعظم محمد علی جناح نے 1896 میں انڈین نیشنل کانگریس میں شمولیت اختیار کی اور پھر 1913 میں آل انڈیا مسلم لیگ میں شامل ہوئے اور 1916 کے لکھنئو کے اجلاس میں آل انڈیا مسلم لیگ کے صدر منتخب ہو گئے، محمد علی جناح نے ہندوستان کو برطانوی تسلط سے آزاد کرانے لے لئے کانگریس اور مسلم لیگ کو قریب لانے میں اہم کردار ادا کیا۔

قائد اعظم محمد علی جناح نے 1929 میں نہرو رپورٹ کے جواب میں مشہور زمانہ 14 نکات پیش کئے جو کہ بعد میں قیام پاکستان کے لئے پیش خیمہ ثابت ہوئے۔ مسلمانوں کے لئے علیحدہ وطن کے لئے مسلسل جدو جہد کی وجہ سے آپ کی طبیعت 1940 سے خراب ہونا شروع ہو گئی اور 1947 میں پاکستان کو آزاد کرانے کے صرف ایک سال بعد 11 ستمبر 1948 کو دنیائے فانی سے کوچ کر گئے۔