تعلیم کو ترجیح اول بنائے بغیر کوئی قوم ترقی نہیں کر سکتی‘سردار عتیق احمد خان

جمعرات 25 دسمبر 2014 14:48

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25 دسمبر 2014ء) آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم اور آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے صدر دردار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ تعلیم کو ترجیح اول بنائے بغیر کوئی قوم ترقی نہیں کر سکتی۔ وہ گزشتہ روز الحبیب کالج میں یوم والدین کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ ہمیں اپنی نئی نسل کو تشدد،بے مقصد یت سے ہٹا کر اس کے ہاتھ میں قلم و کتاب تھمانی چاہیے۔

تعلیم روشنی ہے یہ قوموں میں خود اعتمادی اور مستقبل کا احساس اجاگر کرتی ہے۔دنیا میں آج جن قوموں کا ڈنکا بجتا ہے ان کی ترقی اوع عروج کا راز تعلیم کو پہلی ترجیح بنانے میں ہے یورپ نے جنگ و جدل چھوڑ کر تحقیق و تعلیم کو اپنایا تو وہ ایک بڑی سیاسی اور معاشی قوت بن کر سامنے آیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مجاہد اول سردارمحمدعبدالقیوم خان نے ستر کی دہائی میں اس حقیقت کا ادراک کرتے ہوئے دور دراز علاقوں میں تعلیمی اداروں کا جال بچھایا تھاجس کے اثرات آج سامنے آرہے ہیں۔

سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح نے پاکستان بنا کر برصغیر کے مسلمانوں پر احسان عظیم کیا۔قائد اعظم کے ہر اول دستے میں علی گڑھ یونیورزسٹی کے طلبہ شامل تھے۔قائداعظم کے پاکستان کوموجودہ مشکل صورت حال سے نکالنے میں بھی طلبہ اور نوجوان ہی اہم کردار اد کرسکتے ہیں۔تقریب میں سابق وزراء کرام پیر سید غلام مرتظیٰ گیلانی ،دیوان علی خان چغتائی،سابق امیدوارا سمبلی راجہ ثاقب مجید،خواجہ محمد شفیق،سید غلام مصطفی شاہ نقوی ،شیخ مقصود احمد،بشارت مغل،خالد گیلانی ،سجاد انور عباسی ،ہارون آزاد،شوکت عباسی ،راجہ احسان حیدر،شیخ خورشیداحمد،راجہ افتخار اکرم،شہزاد گیلانی اور دیگر شامل تھے۔

متعلقہ عنوان :