حکمران صرف ڈیڑھ برس میں ہی عوام میں اپنی مقبولیت کھوچکے ہیں‘ جماعت اسلامی پنجاب

جمعرات 25 دسمبر 2014 14:45

لاہور( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25 دسمبر 2014ء ) جماعت اسلامی پنجاب کے امیر ڈاکٹرسیدوسیم اخترنے گیس اور بجلی کی لوڈشیڈنگ میں اضافے پر تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہاہے کہ توانائی بحران کی وجہ سے لاہورسمیت پورا ملک سراپا احتجاج ہے ،ایل پی جی کی قیمتوں میں30روپے سے50روپے تک اضافہ قابل مذمت ہے حکومت مافیا کے خلاف نوٹس لے ۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ناجائز منافع خور ایل پی جی سلنڈر منہ مانگے داموں فروخت کررہے ہیں جبکہ ان کو پوچھنے والاکوئی نہیں۔

حکومت کو اس بحران سے نمٹنے کے لئے گراں فروشوں کے خلاف سخت ایکشن لیناچاہئے۔پائپ لائن تباہ ہونے اورگیس کی بڑھتی قلت کے باعث جہاں عوامی زندگی مشکل سے مشکل تر ہوچکی ہے وہاں کاروباری سرگرمیاں بھی معطل ہوگئی ہیں۔

(جاری ہے)

حکومت کی جانب سے صنعتی شعبہ کو گیس کی مکمل فراہمی بند ہونے کی وجہ سے صنعتی پہیہ جام اور بے روزگاری میں اضافہ ہوچکا ہے۔عوام کو کسی بھی قسم کاکوئی ریلیف میسر نہیں۔

ڈاکٹر سید وسیم اختر نے مزیدکہاکہ حکمران صرف ڈیڑھ برس میں ہی عوام میں اپنی مقبولیت کھوچکے ہیں۔حکمرانوں کے دعوؤں کے برعکس عوامی مشکلات میں کمی کی بجائے اضافہ ہورہا ہے۔رہی سہی کسر مہنگائی نے پوری کردی ہے۔اشیاء خوردونوش کی قیمتیںآ سمان سے باتیں کررہی ہیں۔دووقت کی روٹی کمانابھی مشکل ہوگیاہے۔جب تک حکومت عوامی مسائل کی طرف توجہ نہیں دے گی تب تک درپیش بحرانوں سے نجات ممکن نہیں۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیاکہ18کروڑعوام کوریلیف فراہم کرنے کے لئے ایل پی جی کی قیمتوں کو کم اور مہنگائی کوکنٹرول کرنے کے لئے واضح طور پر اقدامات کئے جائیں۔بجلی وگیس کے شارٹ فال کو جلد ازجلد پوراکیاجائے تا کہ منجمدعوامی حیات اور صنعتی پہیہ رواں دواں ہوسکے۔

متعلقہ عنوان :