بابائے قوم کا 139 واں یوم ولادت آج منایا جارہا ہے ، مزار پر گارڈز کی تبدیلی

جمعرات 25 دسمبر 2014 13:41

بابائے قوم کا 139 واں یوم ولادت آج منایا جارہا ہے ، مزار پر گارڈز کی ..

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25دسمبر 2014ء) بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کے ایک سو انتالیسویں ویں یوم پیدائش کے موقع پر مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب ہوئی ، پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول کے کیڈٹس نے گارڈ کے فرائض سنبھال لئے ، تقریب کے مہمان خصوصی میجر جنرل ندیم رضا نے بابائے قوم کے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی ، کراچی میں مزار قائد پر سادہ اور پروقار تقریب ہوئی ۔

(جاری ہے)

تقریب کے مہمان خصوصی میجر جنرل ندیم رضا کمانڈنٹ پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول تھے ، بگل بجا کر مہمان خصوصی کی آمد کا اعلان کیا گیا ۔ پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول کے چاق وچوبند دستے نے مہمان خصوصی کو سلامی دی ، اس موقع پر فوجی بینڈ خون گرما دینے والی دھن فضا میں بکھیرتا رہا ۔ مہمان خصوصی نے پریڈ کا معائنہ کیا ، میجر جنرل ندیم رضا نے مزار قائد کی طرف رخ کر کے سلامی دی ، قومی ترانہ بھی بجایا گیا ۔ پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول کے چاق و چوبند دستے نے گارڈز کے فرائض سنبھالے ۔ میجر جنرل ندیم رضا نے مزار پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی ۔ اس سے پہلے پاک فضائیہ کے کیڈٹس مزار قائد پر گارڈز کے فرائض انجام دے رہے تھے ۔