ملک کئی عشروں سے بدامنی ، دہشت گردی کا شکار ہے ،جلد اسے جڑ سے ختم کر دینگے، ممنون حسین

جمعرات 25 دسمبر 2014 13:32

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25 دسمبر 2014ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ ملک کئی عشروں سے بدامنی ، دہشت گردی کا شکار ہے ،جلد اسے جڑ سے ختم کردینگے ،دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں،ریاست اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنائیگی، پاکستانی عوام امن وسلامتی پر یقین رکھتے ہیں۔کرسمس کے موقع پر ہولی روزی چرچ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت ممنون حسین نے کہا کہ اقلیتی براداری کو ملک میں پوری آزادی سے اپنی تقریبات منانے کی اجازت ہے ،حضرت عیسٰی علیہ اسلام کی تعلیمات ہوں یا قائداعظم محمد علی جناح کے اقوال سب ہی خیر و بھلائی کا درس دیتے ہیں ،ان تعلیمات کا مقصد معاشرے میں عدم توازن کا خاتمہ ہے، پاکستان میں تمام لوگ ایک قوم ہے ۔

انہوں نے کہا کہ مجھے پہلی دستور ساز اسمبلی میں قائداعظم کا خطاب یاد آ رہا ہے جس میں انہوں نے واضح کیا تھا کہ پاکستان ایک ایسا ملک ہے جہان ہر خاص و عام رنگ و نسل اور مذہب کی تفریق کے بنا پر تمام پاکستانیوں کو ایک قوم کا نام دیا گیا ۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے کہا کہ اس قوم کی منزل پر امن پاکستان ہے ، گزشتہ کچھ عرصے سے یہاں دہشت گردی میں ملوث مٹھی بھر لوگ امن کو تباہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جن کے ناپاک ارادے جلد ہی دم توڑ دیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ پشاور واقعہ ناقابل فراموش ہے یہ سانحہ پشاور چرچ کی طرح باعث افسوس اور قابل مذمت ہے ۔ معصوم بچوں کو قتل کر دینا انسانیت کی توہین ہے، وقت آ گیا ہے کہ ان مٹھی بھر دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچا کر ملک کو امن کا گہوارہ بنا یا جائے، اس موقع پر سانحہ پشاور کے شہداء کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔مسیحی براداری کی بڑی تعداد نے کرسمس دعائیہ تقریب میں ملک کی سلامتی اور بقاء کیلئے بھی خصوصی دعا مانگی ۔

متعلقہ عنوان :