دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں، بدترین انجام تک پہنچا کر رہیں گے:صدر ممنون حسین

جمعرات 25 دسمبر 2014 12:55

دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں، بدترین انجام تک پہنچا کر رہیں گے:صدر ممنون ..

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25دسمبر 2014ء) صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں، بدترین انجام تک پہنچا کر رہیں گے، ریاست اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنائے گی، صدر ممنون حسین کا کوئٹہ میں کرسمس تقریب سے خطاب، سانحہ پشاور کے شہداء کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ صدر مملکت ممنون حسین کا کہنا تھا کہ اقلیتی براداری کو ملک میں پوری آزادی سے اپنی تقریبات منانے کی اجازت ہے حضرت عیسٰی علیہ اسلام کی تعلیمات ہوں یا قائداعظم محمد علی جناح کے اقوال سب ہی خیر و بھلائی کا درس دیتے ہیں ۔

ان تعلیمات کا مقصد معاشرے میں عدم توازن کا خاتمہ ہے، پاکستان میں تمام لوگ ایک قوم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس موقع پر انہیں پہلی دستور ساز اسمبلی میں قائداعظم کا خطاب یاد آ رہا ہے جس میں یہ واضح تھا کہ پاکستان ایک ایسا ملک ہے جہان ہر خاص و عام رنگ و نسل اور مذہب کی تفریق کے بنا پر تمام پاکستانیوں کو ایک قوم کا نام دیا گیا ۔

(جاری ہے)

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ اس قوم کی منزل پر امن پاکستان ہے ۔

گزشتہ کچھ عرصے سے یہاں دہشت گردی میں ملوث مٹھی بھر لوگ امن تو تباہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جن کے ناپاک ارادے جلد ہی دم توڑ دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پشاور واقعہ ناقابل فراموش ہے یہ سانحہ پشاور چرچ کی طرح باعث افسوس اور قابل مذمت ہے ۔ معصوم بچوں کو قتل کر دینا انسانیت کی توہین ہے ۔ وقت آ گیا ہے کہ ان مٹھی بھر دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچا کر مملک کو امن کا گہوارہ بنا یا جائے۔اس موقع پر مسیحی براداری کی بڑی تعداد نے کرسمس دعائیہ تقریب میں ملک کی سلامتی اور بقاء کے لیے بھی خصوصی دعا مانگی ۔ کرسمس کے لیے کوئٹہ کے تمام چرچز میں سیکورٹی کے انتظامات بھی انتہائی سخت تھے۔ پولیس اور ایف سی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی۔

متعلقہ عنوان :