فلسطینی وزارت اوقاف کی مسجد النبی صموئیل کو پارک میں تبدیل کرنے کی شدید مذمت

جمعرات 25 دسمبر 2014 12:18

رام اللہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25 دسمبر 2014ء) فلسطینی وزارت اوقاف نے اسرائیل کی جانب سے مقبوضہ بیت المقدس میں جامع مسجد النبی صموئیل کو اسرائیلی پارک میں تبدیل کرنے کے اسرائیلی اقدام کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے قابض ریاست کے فلسطینیوں کیخلاف مذہبی مظالم کا تسلسل قرار دیا ہے۔ فلسطینی محکمہ اواقاف کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل سوچے سمجھے منصوبے کے تحت فلسطین میں مسلمانوں اور مسیحی برادری کی عبادتگاہوں کو نشانہ بنا رہا ہے۔

بیت المقدس میں برسوں پرانی جامع مسجد النبی صموئیل پر قبضہ اور اسے یہودی آثار قدیمہ کا حصہ قرار دینا صہیونی ریاست کی مذہبی دہشت گردی اور غنڈہ گردی کا تسلسل ہے۔ اسرائیلی حکومت اور انتہا پسند یہودی تنظیموں نے میں بیت المقدس میں قائم تاریخی مسجد النبی صموئل کو بنی اسرائیل کے پیغمبرحضرت شمویل کی آخری آرام گاہ قرار دیتے ہوئے اسے یہودی تاریخی مقامات کا حصہ قرار دیتے ہوئے اس بہانے کی آڑ میں مسجد پر قبضہ کرنے کے بعد وہاں پر یہودیوں کیلئے ایک عبادتگاہ کی تعمیر کا بھی اعلان کیا ہے۔

(جاری ہے)

مسجد اور اس سے ملحقہ اراضی پر بھی اسرائیل نے قبضہ کرلیا ہے۔ دوسری جانب فلسطینی محکمہ اقاف نے واضح کیا ہے کہ اسرائیل کا مسجد اور اس کی اراضی پر کوئی حق نہیں۔ مسجد اور اس کی املاک پر قبضہ صہیونی ریاست کا مذہبی ڈاکہ ہے جس کا مقصد فلسطین کے تاریخی حقائق کو مسخ کرتے ہوئے سرزمین فلسطین میں یہودیوں کی جعلی تاریخ کو ثابت کرنے کی سازش کرنا ہے۔