مظفرآباد‘14سالہ لڑکے کا 10سال سے بندمنہ کھول دیاگیا

جمعرات 25 دسمبر 2014 11:49

مظفرآباد‘14سالہ لڑکے کا 10سال سے بندمنہ کھول دیاگیا

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25 دسمبر 2014ء)مظفرآباد جنرل ہسپتال کے سرجن ڈاکٹر مسرور منشاد عباسی نے آزاد کشمیر کی تاریخ میں جبڑے کے جوڑ کا کامیاب آپریشن کر کے تاریخ رقم کردی-14سالہ محمد سدھیر کا کامیاب آپریشن کر کے اس کا 10سال سے بند منہ کھول دیا-آپریشن کے دوران اس کے جبڑے کا نیاجوڑ بنادیاگیا-تفصیلات کے مطابق اُورل اینڈ میگزلو فیشیل سرجن ڈاکٹر مسرور منشاد عباسی نے آزاد کشمیر کی تاریخ میں (TMJ Analysis)جبڑے کے جوڑ کا ختم ہو جانے کا پہلا آپریشن کامیابی سے کیا۔

مظفرآباد جنرل ہسپتال میں چھ گھنٹے طویل آپریشن میں اٹھمقام کے رہائشی 14سالہ محمد سدھیرکا (TMJ Analysis)کا کامیاب آپریشن کر کے اُس کا 10سال سے بند منہ کھول دیا۔ اس دوران اُس کی دا ہنی پسلی سے ہڈی لے کر اُس کے جبڑے کا نیا جوڑ بنایا گیا۔

(جاری ہے)

کامیاب آپریشن کے بعد سدھیر کے والدین نے ڈاکٹرمسرور منشادعباسی کا شکریہ ادا کیا اورانہوں نے کہا کہ اللہ پاک نے ڈاکٹر مسرور منشاد عباسی کو ہمارے لیے فرشتہ بنا کر بھیجا ہے جن کی محنت اور کاوش سے ہمارے بچے کاآپریشن کامیاب ہوا-کامیاب آپریشن کے بعد سدھیر کو دیکھنے کیلئے اس کے آبائی گاؤں میں لوگوں کا تانتا بندھ گیا اورلوگ ڈاکٹر مسرور منشاد عباسی کو کامیاب آپریشن کرنے پر مبارکباداور دعائیں دیتے رہے-ڈاکٹر مسرور منشاد عباسی کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ وہ آزاد کشمیر کے پہلے اُورل اینڈ میگزلو فیشیل سرجن ہیں- ڈاکٹرمسرور منشاد عباسی جسٹس (ر)سردار سجاول عباسی(مرحوم)کے نواسے اور ڈپٹی سیکرٹری منشادعباسی (مرحوم) کے صاحبزادے ہیں-