الطاف حسین تمام اقلیتوں کے حقوق کی علامت ہیں،ایم کیو ایم نے اقلیتوں کے جائز حقوق کے لئے ہمیشہ آواز بلند کی، مجیب الحق

بدھ 24 دسمبر 2014 23:32

میرپورخاص( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24دسمبر 2014ء) )قائد تحریک الطاف حسین تمام اقلیتوں کے حقوق کی علامت ہیں۔ایم کیو ایم نے اقلیتوں کے جائز حقوق کے لئے ہمیشہ آواز بلند کی۔ مسیحی عوام کو ان کے مذہبی تہوار کرسمس کی مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ ایم کیو ایم میرپورخاص زون کے زونل انچارج مجیب الحق نے زونل آفس میں کرسچن برادری کے وفد سے ملاقات کے دوران کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح پاکستان کو روشن خیال ، اعتدال پسند اور جدید دنیا سے ہم آہنگ فلاحی اسلامی ریاست بنانا چاہتے تھے جس کے تحت اقلیتوں کو بھی برابری کے حقوق حاصل ہیں لیکن آج دہشت گردی و انتہا پسندی کے عفریت نے قائد اعظم کے تصور کو مسخ کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کو عین بانی پاکستان کے تصور کے مطابق ڈھالنے کا بیڑا قائد تحریک الطاف حسین نے اٹھایا ہے اور مخالفین کی پروا کئے بغیر ملک میں بسنے والی تمام اقلیتوں کے جائز حقوق کے لئے ایم کیو ایم کے پلیٹ فارم سے ایوانوں میں آواز بلند کی۔

(جاری ہے)

علاوہ اذیں حق پرست ایم پی اے ڈاکٹر ظفر کمالی نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور کرسچن برادری کے معززین سے ملاقات کی اور قائد تحریک الطاف حسین کی جانب سے مسیحی عوام کو ان کے مذہبی تہوا رکرسمس کی مبارکباد پیش کی۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ قائد تحریک الطاف حسین ملک میں بسنے والے تمام لوگوں کو برابر کا شہری سمجھتے ہیں یہی وجہ ہے کہ آج ایم کیو ایم کے پرچم تلے تمام مذاہب،مسالک اور قومیتوں سے تعلق رکھنے والے عوام جوق درجوق جمع ہورہے ہیں۔انہوں نے مسیحی عوام سے اپیل کی کہ وہ کرسمس کے موقع پر اپنی عبادات میں ملک کی بقا و سلامتی ،امن و امان کے قیام، دہشت گردی و انتہا پسندی کے خاتمے ، حق پرستانہ جدوجہد کی کامیابی ، ایم کیو ایم کے خلاف سازشوں کے خاتمے اور قائد تحریک الطاف حسین کی درازی عمر اور صحت و تندرستی کے لئے دعائیں مانگیں۔ اس موقع پر جوائنٹ زونل انچارج شہباز احمد خان و اراکین زونل کمیٹی بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔