جماعت اسلامی ضلع بن قاسم کے تحت پورے ماہ سیرت کے پروگرامات منعقد کیے جائیں گے،

عشق مصطفی مسلمانوں کا سرمایہ ہے۔ سیرت کے پیغام کو ہر گھر میں عام کیا جائے، محمد اسلام

بدھ 24 دسمبر 2014 23:31

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24دسمبر 2014ء) ) جماعت اسلامی ضلع بن قاسم کے تحت ماہ ربیع الاول کی آمد کے موقع پر پورے ماہ سیرت کے پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔ اس سلسلے میں ایک خصوصی اجلاس بھی جماعت اسلامی ضلع بن قاسم محمد اسلام کی صدارت میں منعقد ہوا۔ جس میں ذمہ داران ضلع نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ یکم ربیع الاول سے لیکر پورے ضلع، زون اور یونین کونسل کی سطح پر پیغام سیرت کانفرنس منعقد کی جائیں گی۔

ضلع کے تحت ایک بڑی سیرت کانفرنس کا انعقاد ہوگا اور ضلع کے تحت نعتیہ مشاعرہ بھی منعقد کیا جائے گا۔ سیرت کے پروگرامات پر جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی رہنماوٴں کے علاوہ سندھ اور کراچی کے رہنما خطاب کریں گے۔ اس کے علاوہ جید عالم دین سے بھی خصوصی طور پر رابطہ کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

جماعت اسلامی ضلع بن قاسم کے امیر محمد اسلام نے کہا کہ سیرت کے پیغام کے ذریعے ہی ہمارے مسائل حل ہوسکتے ہیں۔

سیرت کے پروگرامات صرف ایک ماہ کیلئے نہیں بلکہ ان پروگرامات کا پورے سال انعقاد کرنا چاہیے۔ حضورﷺ کی سیرت اور اسوئہ ہم سب کیلئے نمونہ ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ سیرت کے پیغام کو ہر گھر میں عام کیا جائے۔ حضور کی سیرت کو عام کرنا وقت کی ضرورت ہے اور معاشرے کو اس وقت سب سے زیادہ ضرورت پیغام مصطفیﷺ کی ہے۔ پیغام مصطفیﷺ اندھیرے میں اجالے کا کام کرتا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے تحت پیغام مصطفیﷺ کو عام کرنے کیلئے گلی گلی محلہ محلہ سیرت کانفرنس منعقد کی جائیں گی۔ عشق مصطفیﷺ مسلمانوں کا سرمایہ ہے اور عشق مصطفیﷺ کے ذریعے ہی دنیا وآخرت میں سرخرو ہوا جاسکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :