پاکستان سٹیل ملز اپنے ڈیلرز کے خلاف نیب کیسز ختم کروائے‘ لاہور چیمبر ،

پاکستان سٹیل ملز کے ٹریڈرز اور ڈیلرز کے خلاف کیسز کا کوئی جواز نہیں بنتا ‘ اعجاز اے ممتاز

بدھ 24 دسمبر 2014 23:26

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24دسمبر 2014ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے پاکستان سٹیل ملز پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے ڈیلرز کے خلاف نیب کیسز ختم کروائے۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں پاکستان سٹیل ملز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میجر جنرل (ر) ظہیر احمد خان سے ملاقات کے موقع پر لاہور چیمبر کے صدر اعجاز اے ممتاز نے کہا کہ پاکستان سٹیل ملز کے ٹریڈرز اور ڈیلرز کے خلاف کیسز کا کوئی جواز نہیں بنتا کیونکہ سٹیل ملز کی مصنوعات کی قیمتوں کے تعین پر ان کا کوئی اختیار نہیں۔

لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر میاں نعمان کبیر، سابق صدر اعجاز بٹ اور ایگزیکٹو کمیٹی اراکین بھی اس موقع پر موجود تھے۔ اعجاز اے ممتاز نے کہا کہ پاکستان سٹیل ملز پاکستان کا بہت اہم ادارہ ہے اور صنعتی ترقی کے حوالے سے اس کا کردار بہت اہمیت کا حامل ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان سٹیل ملز کی بدولت ملک کو عالمی سطح پر نہ صرف نئی شناخت ملی بلکہ ہم لاکھوں ڈالر کے میگا پراجیکٹس کی بولی میں حصہ لینے کے قابل بھی ہوئے۔

بدقسمتی سے پاکستان سٹیل ملز اپنی تحریک برقرار نہیں رکھ سکی اور طویل عرصے سے صنعتی ترقی میں اپنا وہ کردار ادا نہیں کرپارہی جو اسے کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سٹیل ملز کی موجودہ پیداوار اس کی پیداواری صلاحیت سے بہت کم ہے اور حیرت انگیز طور پر مئی 2014ء میں اس کی پیداوار صرف تین فیصد رہ گئی جس سے سٹیل مصنوعات کی طلب و رسد کا توازن بْری طرح بگڑ گیا۔

اعجاز اے ممتاز نے کہا کہ محتاط اندازے کے مطابق پاکستان کی آئرن اور سٹیل کی طلب آٹھ ملین ٹن سالانہ سے زائد ہے جسے درآمدات کے ذریعے پورا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے صنعتی شعبے کی پیداواری لاگت بڑھ رہی ہے لہذا پاکستان سٹیل ملز کو پیداوار بڑھاکر مقامی ضروریات پوری کرنا ہونگی۔لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ پاکستان سٹیل ملز کو فعال اور منافع بخش ادارہ بنانے کے لیے سیاسی اثر و رسوخ سے پاک کیا جائے اور پیداواری صلاحیت بھرپور طریقے سے استعمال کی جائے ۔

انہوں نے کہا یہ اچھا شگون ہے کہ حکومت پاکستان سٹیل ملز کو فعال ادارہ بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھارہی ہے ۔ انہوں نے پاکستان سٹیل ملز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر پر زور دیا کہ وہ پاکستان سٹیل ملز کو مسائل سے نجات دلانے کے لیے بہترین ایکشن پلان وضع کریں جس کے لیے تاجر برادری ہر ممکن تعاون کرنے کو تیار ہے۔ قبل ازیں پاکستان سٹیل ملز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میجر جنرل (ر) ظہیر احمد خان نے کہا کہ پاکستان سٹیل ملز بحالی کی جانب گامزن ہے اور اس کی پیداوار چالیس فیصد تک بڑھ گئی ہے جو ایک سال قبل صرف پانچ فیصد تھی۔

انہوں نے کہا کہ اگلے ماہ اس کی پیداوار مزید بڑھ جائے گی کیونکہ پیداوار میں ماہانہ دس فیصد اضافہ ہورہا ہے۔ انہوں نے وعدہ کیا کہ پاکستان سٹیل ملز کے ٹریڈرز اور ڈیلرز کے خلاف نیب کیسز کا معاملہ جلد حل کرایا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :