اقتصادی رابطہ کمیٹی نے 5لاکھ میٹرک ٹن کی جگہ چھ لاکھ پچاس ہزار میٹرک ٹن چینی پندرہ مئی 2015تک بر آمد کرنے کی اجازت دیدی ،

آلو کی بر آمد سے 25فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی ختم کر نے کی منظوری، گنے کے کاشتکاروں کو شوگر ملز کی جانب سے بروقت ادائیگی یقینی بنائی جائے ، آلو کے مقامی صارفین کے مفادات کومد نظر رکھا جائے ، وزیر خزانہ کی متعلقہ حکام کو ہدایت ، صورتحال سے آگاہ کر نے کیلئے سیکرٹری تجارت اور سیکرٹری نیشنل فوڈ سکیورٹی پر مشتمل کمیٹی قائم

بدھ 24 دسمبر 2014 23:05

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24دسمبر 2014ء)کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے 5لاکھ میٹرک ٹن کی جگہ چھ لاکھ پچاس ہزار میٹرک ٹن چینی پندرہ مئی 2015تک بر آمد کرنے اور آلو کی بر آمد سے 25فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی ختم کر نے کی منظوری دیدی ۔کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کااجلاس بدھ کو وزیر اعظم آفس میں وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کی زیر صدارت ہوا ای سی سی نے اپنے بارہ نومبر 2014کے فیصلے کو تبدیل کرتے ہوئے چینی کی 5لاکھ میٹرک ٹن کی جگہ چھ لاکھ پچاس ہزار میٹرک ٹن پندرہ مئی 2015تک بر آمد کر نے کی اجازت دی کمیٹی کو بتایا گیا کہ ملک میں چینی کے وافر ذخائر موجود ہیں جو دس لاکھ پچاس ہزار میٹرک ٹن ہیں اور یہ ذخائر تین لاکھ 90ہزار میٹرک ٹن ماہانہ کے حساب سے پندرہ مارچ 2015تک ملکی ضروریات پوری کر نے کیلئے کافی ہیں شوگر ملوں کی لیکیوڈیٹی صورتحال بہتر بنانے کیلئے ای سی سی نے چینی بر آمدات کیلئے ملک کے اندر دو روپے فی کلو کرائے جبکہ آٹھ روپے فی کلو کیش سبسڈی کی منظوری دی سبسڈی کی مجموعی رقم ساڑھے چھ ارب روپے ہوگی جو وفاق اور صوبوں کی جانب سے مساوی طورپر ادا کی جائیگی ای سی سی نے چینی کی در آمد پر بیس فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی عائد کرنے کا فیصلہ بھی کیا اور افغانستان اور وسطی ایشیائی ریاستوں کو 450ڈالر میٹرک ٹن برآمدی قیمت مقرر کر دی وزیر خزانہ نے ہدایت کی کہ اس حوالے سے نوٹیفکیشن فوری طورپر جاری کیا جائے انہوں نے متعلقہ حکام کو یہ بھی ہدایت کی کہ وہ گنے کے کاشتکاروں کو شوگر ملز کی جانب سے بروقت ادائیگی یقینی بنائیں وزارت نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ کی تجویز پر اقتصادی رابطہ کمیٹی نے آلو کی بر آمد سے 25فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی ختم کر نے کی منظوری بھی دی جس سے آلودوسرے ممالک کو بھجوانے کی راہ ہموار ہوگی وزیر خزانہ کو بتایا گیا کہ رواں سال آلو کے کاشتکاروں نے دس فیصد اضافی رقبہ پر فصل کاشت کی بر آمد سے متعلق اجازت کا فیصلہ 20دسمبر سے موثر ہوگا اس موقع پر وزیر خزانہ نے سیکرٹری تجارت اور سیکرٹری نیشنل فوڈ سکیورٹی پر مشتمل کمیٹی قائم کر تے ہوئے ہدایت کی کہ وہ مارکیٹ کی صورتحال پر نظر رکھیں اور ای سی سی کو باقاعدگی سے صورتحال سے آگاہ کرتے رہیں جبکہ ملکی صارفین کے مفادات کو بھی مد نظر رکھا جائے ۔

(جاری ہے)

کمیٹی نے وزارت پانی وبجلی کی طرف سے پیش کر دہ تجویز کی منظوری دی جس میں آن سائٹ نجی پاور پراجیکٹس کو عبوری بنیادوں پر گیس فراہم کی جائیگی وزارت پانی وبجلی کی ہی تجویز پر ای سی سی نے ٹی پی ایس گدو (جینکو ii)اور میسرز اینگرو کے درمیان مجوزہ معاہدے کی منظوری دی جس کے تحت ماڑی شیلو سے میسرز اینگرو دسمبر 2015تک 60ایم ایم سی ایف ڈی گیس استعمال کریگی