سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو شہید کی ساتویں برسی ہفتہ کو منائی جائے گی،

سمیت چاروں صوبوں،آزاد کشمیر،شمالی علاقہ جات،گلگت و بلتستان اور ملک بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں پیپلز پارٹی کے زیر اہتمام قرآن خوانی،دعائیہ تقریبات ہونگی

بدھ 24 دسمبر 2014 22:51

اسلام آباد ،جہانیاں(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24دسمبر 2014ء) ) عالم اسلام کی پہلی منتخب وزیر اعظم محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی ساتویں برسی(یوم شہادت)27دسمبرہفتہ کو منائی جائے گی اس سلسلے میں جنوبی پنجاب کے شہروں ملتان،ڈیرہ غازی خان،مظفر گڑھ،کوٹ ادو،بہاولپور،خانیوال،میاں چنوں،کبیروالا،جہانیاں،دنیا پور،لودھراں،وہاڑی سمیت چاروں صوبوں،آزاد کشمیر،شمالی علاقہ جات،گلگت و بلتستان اور ملک بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں پیپلز پارٹی کے زیر اہتمام قرآن خوانی،دعائیہ تقریبات،کانفرنسز،سیمینارز،مذاکرے،تعزیتی اجتماعات اور مختلف تقریبات منعقد کی جائیں گی جس سے پیپلزپارٹی کے مرکزی و صوبائی قائدین ،وفاقی وزراء اور مقررین خطاب کریں گے تقریبات میں محترمہ بے نظیر بھٹو شہیدکے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی جائے گی اور محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی ملک و قوم اور جمہوریت کیلئے پیش کی گئی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا جبکہ محترمہ کی یاد میں شمعیں روشن کی جائیں گی اس موقع پر پیپلز پارٹی کے کارکن،سیاسی جماعتوں اور سول سوسائٹی کے ارکان شرکت کریں گے ۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ محترمہ بے نظیر بھٹو کو سات برس قبل 27دسمبر 2007ء کو اس وقت شہید کر دیا گیا جب وہ لیاقت باغ راولپنڈی میں ایک عوامی جلسے سے خطاب کے بعد اپنی گاڑی میں بیٹھ کر واپس اسلام آباد جا رہی تھیں۔محترمہ بے نظیر بھٹو کی شہادت کے بعد ان کے بیٹے بلاول بھٹو زرداری کو ان کا سیاسی وارث بنایا گیا ہے۔