اقتصادی رابطہ کمیٹی نے آلو کی برآمد پر عائد ریگیولیٹری ڈیوٹی ختم کر دی، 6 لاکھ 50 ہزار ٹن اضافی چینی برآمد کرنے کی اجازت

بدھ 24 دسمبر 2014 21:41

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے آلو کی برآمد پر عائد ریگیولیٹری ڈیوٹی ختم کر ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24دسمبر 2014ء)وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے آلو کی برآمد پر عائد ریگیولیٹری ڈیوٹی ختم کر دی ہے جبکہ ملک میں چینی زائد پیداوار کو دیکھتے ہوئے حکومت نے 6 لاکھ 50 ہزار ٹن چینی برآمد کرنے کی اجازت بھی دے دی ہے ۔تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت ہوا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں آلو کی برآمد پر عائد پچیس فیصد ریگیولیٹری ڈیوٹی ختم کر دی گئی ہے۔سیکریٹری فوڈ نے کمیٹی کو یقین دہانی کرائی کہ رواں سال آلو کی فصل اچھی ہوئی ہے اور یہ فیصلہ معاشی لحاظ سے فائدہ مند ثابت ہوگا۔اس کے علاوہ ای سی سی نے شوگر ملرز کو اجازت دی ہے کہ وہ 31 مئی 2015 تک 6 لاکھ 50 ہزار ٹن چینی برآمد کرسکتے ہیں۔شوگر ملرز کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے ملوں کی مالی حالت بہتر ہونے سے گنے کے کشت کاروں کو جلد ادائیگیاں بھی ممکن ہوسکیں گی۔اس کے علاوہ کمیٹی نے آلو کی برآمد پر عائد ڈیوٹی بھی ختم کردی ہے۔