کرسمس کے سلسلے میں مسیحی برادری کی طرف سے فرانس کالونی میں تقریب،

سی ڈی اے مزدوریونین کا طرہ امتیاز ہے کہ وہ رنگ ،نسل اور مذہب سے بالا تر ہو کر تمام ملازمین کی خدمت کر رہی ہے،چوہدری یاسین

بدھ 24 دسمبر 2014 21:23

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24دسمبر 2014ء) کرسمس کے سلسلے میں مسیحی برادری کی طرف سے فرانس کالونی F-7/4میں تقریب کا اہتمام کیا گیا ،تقریب کے مہمان خصوصی سی ڈی اے مزدور یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یسیٰن تھے،تقریب میں وارث بھٹی ،سیموئیل مسیح ،روبن مسیح ،قادر مسیح ،وقاص بھٹی ،چوہدری عارف ،چوہدری یعقوب ،ناصر مسیح ،امجد مسیح ،عدیل ،سجاول و پاسٹر صاحبان سمیت مسیحی برادری نے کثیر تعداد میں شرکت کی ،تقریب میں پہنچنے پر سی ڈی اے مزدور یونین (سی بی اے ) کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یسیٰن ،امیر شاہ کاظمی ودیگر عہدیداران کا والہانہ استقبال کیا گیا ،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سی ڈی اے مزدور یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یسیٰن نے کہا کہ کرسمس امن ،بھائی چارے ،محبت ،امن اور خوشی کا تہوار ہے ،ہم ہمیشہ کی طرح اس بار بھی اپنے مسیحی بھائیوں اور بہنوں کی خوشیوں میں شریک ہوئے ہیں ،انھوں نے کہا کہ سی ڈی اے مزدوریونین کا طرہ امتیاز ہے کہ وہ رنگ ،نسل اور مذہب سے بالا تر ہو کر تمام ملازمین کی خدمت کر رہی ہے جس طرح ہم نے مسلم ملازمین کے لیے حج پالیسی بنائی اسی طرح مسیحی ملازمین کے لیے ان کے مذہبی مقام ویٹی کن سٹی کی منظوری بھی کروائی اور اس مرتبہ سی ڈی اے مزدور یونین کی جدوجہد سے تمام مسیحی ملازمین کو کرسمس کے موقع پر دو دو اضافی تنخواہیں دلوائیں گئیں جس سے یقینا ان کی خوشیاں دوبالا ہونگی ، انھوں نے کہا کہ سی ڈی اے کے شعبہ صفائی میں ایک ہزار کے قریب کلینرز کی آسامیاں خالی ہیں جس سے اسلام آباد کی صفائی ستھرائی کا نظام بری طرح سے متاثر ہو رہا ہے ،2008ءء میں سی ڈی اے مزدور یونین(سی بی اے ) کے مطالبے پر سی ڈی اے بورڈ نے سینی ٹیشن ملازمین کے لیے سائیٹ آفس بنانے کی منظوری دی تھی لیکن کتنے افسوس کی بات ہے کہ اسلام آباد شہر کو تعمیر کرنے والے ملازمین خصوصاً شعبہ صفائی کے ملازمین کے لیے آج بھی کوئی سائیٹ آفس نہیں ہے ،انھوں نے چیئرمین سی ڈی اے،ممبر ایڈمنسٹریشن اور ممبر انوائرمنٹ سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر سینی ٹیشن ڈائریکٹوریٹ میں مسیحی ملازمین کے بچوں کو فوراً بھرتی اور سینی ٹیشن ملازمین کے لیے سائیٹ آفس پر کام شروع کرایا جائے ، انھوں نے سی ڈی اے مزدور یونین کی جانب سے تمام مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد دیتے ہوئے نیک تمناؤں اور خواہشات کا اظہار کیا ۔

(جاری ہے)

تقریب کے آخر میں کرسمس کیک کاٹا گیا ۔

متعلقہ عنوان :