فیصل آباد،چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ محمدحامد رضا نے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پلان وزیر اعظم اور چیف آف آرمی سٹاف کو ارسال کردیا

بدھ 24 دسمبر 2014 21:20

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24دسمبر 2014ء) سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ محمدحامد رضا نے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پیش کر دہ پلان وزیر اعظم پاکستان اور چیف آف آرمی سٹاف کو ارسال کردیا ہے۔سنی اتحاد کونسل مرکزی میڈیا سیل کے اعلامیہ کے مطابق دہشتگردی کے خاتمے کیلئے سنی اتحا کونسل کی تجاویز چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف اور وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کو بھیج دی گئی ہیں ۔

تجاویز میں کہا گیاہے کہ حکومت اور اپوزیشن سمیت پوری قوم دہشت گردی کو پاکستان کا نمبر ایک مسئلہ قرار دے کر دہشت گردی کے خاتمے کو پہلی ترجیح قرار دے۔دہشت گردوں اور انتہاپسندوں کی بالواسطہ یا بلاواسطہ حمایت کو سنگین ترین جرم قرار دیا جائے۔ وزیراعظم دہشت گردوں کے خلاف قومی جہاد کا اعلان کریں اور پوری قوم اس جہاد میں شریک ہو جائے۔

(جاری ہے)

حکومت دہشت گردوں کی بیرونی فنڈنگ اور رابطے ختم کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کرے۔ دہشت گردوں کو پناہ دینے والے مدارس کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے۔ حیلے بہانوں سے دہشت گرد طالبان کی حمایت کرنے اور ان کے لیے نرم گوشہ رکھنے والوں کو حکومت اور فوج کی طرف سے سخت ترین الفاظ میں وارننگ دی جائے۔ انٹیلی جنس شیئرنگ کے نظام کو مضبوط بنایا جائے اور نیشنل سکیورٹی پالیسی کی خامیاں دور کی جائیں۔

گلی محلے کی سطح تک انٹیل جنس کا مضبوط نظام قائم کیا جائے۔ پاک افغان بارڈر کو سیل کیا جائے اور پاکستان سے افغانستان اور افغانستان سے پاکستان دہشت گردوں کی آمد و رفت روکی جائے۔ افغان حکومت کو پاکستانی دہشت گردوں کو پاکستان کے حوالے کرنے پر مجبور کیا جائے۔ جن دہشت گردوں کو سزائے موت سنائی جا چکی ہے ان کو فی الفور پھانسی پر لٹکایا جائے جبکہ گرفتار دہشت گردوں کو سپیڈی ٹرائل کے ذریعے سزائیں سنائی جائیں۔

متعلقہ عنوان :