ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے قائد اعظم کے بنیادی اصولوں نظریات او ر تصورات کو اپنانا ہوگا ،خواجہ شاہد رزاق سکا

بدھ 24 دسمبر 2014 21:18

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24دسمبر 2014ء)صدرانجمن تاجرا ن سٹی فیصل آ باد خواجہ شاہد رزاق سکا نے کہا ہے کہ اگر حکومت ملک سے دہشت گردی ختم کرنا چاہتی ہے تو اسے بانی پاکستان قائد اعظم کے بنیادی اصولوں نظریات او ر تصورات کو اپنانا ہوگا جب تک ایسا نہیں ہوگا گڈ گورننس یقینی نہیں بن سکے گی اور حکمرانوں کی کوشش کے باوجود پاکستان کا مستقبل مخدوش رہیگا اور معاشرے میں انتہا پسندی اور دہشت گردی جنم لیتی رہیگی انہوں نے و زیر اعظم میاں محمد نواز شریف کیطرف سے شہروں میں ضرب عضب شروع کرنے کے جرات مندانہ اعلان کا اپنی اور پوری ٹیم کی طرف سے خیر مقدم کرتے ہوئے وزیر اعظم کے اس اعلان کو عوام کی امنگوں کا عکاس قرار دیااور کہا کہ اس ضرب عضب آپریشن سے شہروں میں چھپے دہشت گردوں اور انکو پناہ دینے یا انکی سرپرستی کرنے والوں کی حوصلہ شکنی ہوگی انجمن تاجران سٹی کے قائد حاجی شیخ محمد بشیر، جنرل سیکرٹری چوہدری محمود عالم جٹ ، سابق صدر موٹرمارکیٹ محمد اصغر،عمراقبال نے کہا کہ اسوقت افواج پاکستان اور حکومت کی سب سے بڑی تر جیحات دہشت گردی کا خاتمہ ہے جسکا تمام تر کریڈٹ سانحہ پشاور کے ان شہید کو جاتا ہے جنہوں نے اپنا خون دے کر قوم کو اتحاد اور یکجہتی کا سبق پڑھایا انہوں نے کہا کہ ان شہداء نے اپنا خون دیکر قومی اتفاق رائے اور دہشتگردی کے خلاف جاری جنگ کو منطقی انجام تک پہنچانے کی راہ ہموار کر دی ہے انہوں نے کہا کہ معصوم بچوں کے خون کا تقاضہ ہے کہ ہمیں اس وقت تک جاگتے رہنا ہوگا جب تک اس سر زمین پر ایک بھی دہشتگرد موجود ہے وقت آگیا ہے کہ ہم ان شہیدبچوں کو اپنا معلم تسلیم کر لیں جس کیلئے سیاستدانوں ، عسکری قیادت اور قوم کاایک پیج پر متحد ہونا وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کی خوش قسمتی ہے قوم کو یقین ہے کہ حکومت کسی بھی قیمت پر پشاور کے معصوم طلبہ اور اساتذہ کی شہادت کو رائیگاں نہیں جانے دیگی