کوئٹہ،صدر سید ممنون حسین سے گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی کی ملاقات ،

ملاقات میں گوادر سے کاشغر معاشی راہداری کے منصوبے ، ریل نیٹ ورک کی تعمیر اور بلوچستان کے انتظامی و ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا

بدھ 24 دسمبر 2014 21:10

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24دسمبر 2014ء) صدر مملکت سید ممنون حسین سے کوئٹہ میں گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے ملاقات کی۔ ملاقات میں گوادر سے کاشغر معاشی راہداری کے منصوبے  معاشی راہداری کے منصوبے میں مرحلہ وار اور ریل نیٹ ورک کی تعمیر اور بلوچستان کے انتظامی و ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ ملاقا ت میں صدر مملکت نے کہا کہ ماضی میں بلوچستان کی معاشی اور اقتصادی اہمیت پر توجہ نہیں دی گئی، لیکن جمہوری حکومت بلوچستان کی ترقی اور اسے ملک کے دوسرے صوبوں کے برابر ترقی دینے کے لئے تمام کوششیں کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ گوادر سے کاشغر تک معاشی راہداری کا منصوبہ بلوچستان کے تعاون کے بغیر ناممکن ہے۔ منصوبہ کی تعمیر کے بعد معاشی راہداری کے مثبت اثرات سے بلوچستان کے عوام بھی براہ راست مستفید ہوں گے۔

(جاری ہے)

گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے بلوچستان کی ترقی کے لئے جمہوری حکومت کی کوششوں کو سراہتے ہوئے صوبہ کے انتظامی معاملات اور اہم امور پر صدر مملکت کو آگاہ کیا۔ ملاقات میں گورنر بلوچستان کے بڑے بھائی احمد خان اچکزئی کی وفات پر مرحوم کے درجات کی بلندی کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی۔قبل ازیں صدر مملکت کی گورنر ہاؤس آمد پر بلوچستان کانسٹیبلری کے چاک وچوبند دستے نے سلامی دی۔