عوام قائد اعظم کے نظریات ، اصولوں پر کار بند رہیں، آصف علی زرداری،

بابائے قوم نے جمہوری، ترقی پسند پاکستان کا وژن دیا تھا، جمہوریت کے اصول پر قائم رہنے کیلئے عسکریت پسند ذہنیت کو شکست دینا ضروری ہے،پیپلز پارٹی انتہاپسندی کیخلاف جنگ جاری رکھے گی ، سابق صدر کا یوم قائد کے موقع پر پیغام

بدھ 24 دسمبر 2014 20:51

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24دسمبر 2014ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری نے عوام سے اپیل کی ہے کہ قائداعظم کے نظریات یعنی جمہوریت ،عسکریت پسند اور انتہاپسند ذہنیت کو ختم کرنے کے اصولوں پر کاربند رہیں۔ انہوں نے قائداعظم محمد علی جناح کی 138ویں سالگرہ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ قائداعظم نے ایک جمہوری اور ترقی پسند پاکستان کا وژن دیا تھا جہاں ہر شہری بلا تفریق مذہب، رنگ اور نسل برابر کا شہری ہوگا اور سب کو برا بر کے مواقعے میسر ہوں گے۔

آج ان کے اس فلسفے پر کاربند ہونے کی جتنی ضرورت ہے اتنی پہلے کبھی نہیں تھی۔ جمہوریت کے اصول پر قائم رہنے کے لئے ضروری ہے کہ ہم عسکریت پسندی کی ذہنیت کو شکست دیں کیونکہ عسکریت پسند مذہب کی اپنی تعریف ہم پر طاقت کے ذریعے مسلط کرنا چاہتے ہیں اور ان کا ایجنڈا گولی کا استعمال ہے نہ کہ انتخابات کا۔

(جاری ہے)

آج پاکستان کو اپنے اندر کے دشمنوں سے خطرہ ہے جو مذہب کے نام پر پاکستان کی ریاست کو تباہ کرنا چاہتے ہیں لیکن وہ طاقت کے زور پر اپنا ایجنڈا مسلط کرنے کی جتنی کوشش کریں گے اس سے پاکستانی عوام کا عزم مزید بڑھے گا۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت دہشتگردوں کے خلاف قومی اتحاد کی ضرورت ہے اور پشاور سانحے کے بعد ہم پر لازم ہے کہ ہم متحدہو کر ان کے خلاف سینہ سپر ہو جائیں۔ اس موقع پر آصف علی زرداری نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں، عسکریت پسندوں کا مذہبی بیانیہ مسترد کر دیں، دشمنوں کو شکست دیں اور ان اقدار کی پاسداری کریں جن کے لئے قائداعظم کی قیادت میں پاکستان بنایا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اپنے اس عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ وہ انتہاپسندی کے خلاف اپنی جنگ جاری رکھے گی اور اسے ختم کرکے دم لے گی اور پاکستان پیپلز پارٹی کا ہر کارکن پاکستان کو ایک جمہوری، انصاف پسند اور ہمہ جہت معاشرہ بنانے کی جدوجہد جاری رکھے گا تاکہ ملک سے انتہاپسندی اور عسکریت کا مکمل طور پر خاتمہ کیا جا سکے۔ آصف علی زرداری نے پشاور کے شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے ساتھ ساتھ ان تمام لوگوں کو بھی خراج عقیدت پیش کیا جنہوں دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔