حضرت عیسیٰ علیہ السلام نے ہمیشہ محبت، بھائی چارے، درگزر کا سبق دیا، آصف علی زرداری

آج جتنی ضرورت محبت، درگزر، مفاہمت کی ہے اتنی پہلے نہ تھی، ملکی ترقی، بھلائی کیلئے مسیحی برادری کی خدمات قابل ستائش ہے، امید ہے، معاشرے میں مثبت، تعمیری کردار ادا کرتی رہے گی، سابق صدر کا کرسمس کے موقع پر پیغام

بدھ 24 دسمبر 2014 20:27

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24دسمبر 2014ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری نے مسیحی برادری کو کرسمس کے تہوار کے موقع پر مبارکباد کا پیغام دیا ہے۔ اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ وہ دنیا بھر کے مسیحیوں بالخصوص پاکستانی مسیحی بھائیوں اور بہنوں کو کرسمس کی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اس سال کرسمس کی تقریبات ایک سنجیدہ ماحول میں ہو رہی ہے کیونکہ پوری قوم پشاور میں دہشتگردوں کے ہاتھوں ظالمانہ اور غیرانسانی حملے کے نتیجے میں شہید ہونے والے معصوم بچوں اور اساتذہ کی شہادت پر افسردہ ہے۔

یہ قدرتی بات ہے کہ ایسے ماحول میں کرسمس کی خوشیاں ماند ہوگئی ہیں کیونکہ بچوں پر کیا جانے والا ظلم غیرانسانی تھا۔

(جاری ہے)

حضرت عیسیٰ نے ہمیشہ محبت، بھائی چارے اور درگزر کا سبق دیا اور یہ انتہائی دکھ کا مقام ہے کہ کرسمس کے قریب دہشتگردوں نے معصوم بچوں کو قتل کیا جو صرف تعلیم حاصل کرنا چاہتے تھے اور آگاہی اور ترقی کے طلبگار تھے۔ آج جتنی ضرورت محبت، درگزر اور مفاہمت درپیش ہے اتنی پہلے کبھی نہیں تھی۔

اس موقع پر سابق صدر نے کہا کہ وہ مسیحی برادری کی جانب سے ملک کی ترقی اور بھلائی کے لئے کی جانے والی خدمات کو سراہتے ہیں۔ مسیحی برادری قانون پر پابندی کرنے والی برادری ہے اور اس حیثیت سے قوم انہیں خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ یقین رکھتے ہیں کہ مسیحی برادری معاشرے میں اپنا مثبت اور تعمیری کردار ادا کرتی رہے گی۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی مسیحیوں اور تمام غیرمسلموں کے حقوق کی جدوجہد جاری رکھے گی تاکہ انہیں ریاست میں برابر کے شہری کا درجہ مل سکے۔

متعلقہ عنوان :