محکمہ سوئی گیس نے گیس کمپریسرز ،گیس جنریٹرز استعمال کرنیوالوں کیخلاف گرینڈ آپریشن کا آغاز کر دیا ،پنجاب بھر میں گیس کی عارضی بحرانی کیفیت کا خاتمہ جلد ہو جائیگا ،گھریلو صارفین کو گیس فراہمی کی مکمل بحالی کیلئے شب و روز کام جاری ہے،شاہد اکرم ،ناخوشگوار واقعات سے بچاؤ کیلئے صارفین حالیہ عارضی بحرانی کیفیت میں گیس کے استعمال میں خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کریں ،ترجمان سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز کی ریجنل آفس راولپنڈی میں صحافیوں سے بات چیت

بدھ 24 دسمبر 2014 20:25

محکمہ سوئی گیس نے گیس کمپریسرز ،گیس جنریٹرز استعمال کرنیوالوں کیخلاف ..

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24دسمبر 2014ء) محکمہ سوئی گیس نے پریشر میں اضافے کیلئے کمپریسرز اور گیس جنریٹرز استعمال کرنے والوں کے خلاف خصوصی ٹیمیں تشکیل دے کر گرینڈ آپریشن کا آغاز کر دیا ،راولپنڈی /اسلام آباد سمیت پنجاب بھر میں گیس کی عارضی بحرانی کیفیت کا جلد خاتمہ ہو جائے گا ،گھریلو صارفین کو گیس فراہمی کی مکمل بحالی کے لیے شب و روز کام جاری ہے ۔

ان خیالات کا اظہار سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز کے ترجمان شاہد اکرم نے یہاں سوئی گیس ریجنل آفس راولپنڈی میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔شاہد اکرم نے کہا کہ محکمہ عارضی بحرانی کیفیت کے خاتمے کے لیے کوشاں ہے اور بہت جلد بحران پر قابو پالیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ محکمہ کو صارفین کی جانب سے مختلف علاقوں میں گیس پریشر میں اضافے کے لیے کمپریسر کے استعمال اور گیس جنریٹرز کے استعمال کی شکایات بھی موصول ہوئی ہیں جس پر جنرل مینجر ایس این جی پی ایل راولپنڈی ریجن محمد ظہور نے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں جنہوں نے راولپنڈی سمیت جہلم ،گوجر خان ،چکوال اور میرپور میں گیس کمپریسرز اور گیس جنریٹرز استعمال کرنے والوں کے خلاف گرینڈ آپریشن شروع کر دیا ہے ۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ گیس کمپریسرز کا استعمال جہاں محکمہ سوئی گیس کے ساتھ کئے گئے کنٹریکٹ کی صریح خلاف ورزی ہے وہیں یہ اخلاقی طور پر بھی غلط ہے کیونکہ اس سے دیگر صارفین براہ راست متاثر ہوتے ہیں جبکہ گیس کمپریسرز کا استعمال لوگوں کے اپنے جان و مال کے لیے بھی نقصان دہ ہے ۔ترجمان سوئی گیس شاہد اکرم نے شہریوں سے اپیل کی کہ حالیہ عارضی بحرانی کیفیت میں گیس کے استعمال میں خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں تاکہ راولپنڈی ریجن کے متاثرہ علاقوں میں گیس پریشر میں ممکنہ کمی بیشی کے دوران کسی قسم کا کوئی ناخوشگوار واقعہ رونماء نہ ہو ۔

انہوں نے صارفین سے یہ اپیل بھی کی کہ ہیٹرز اور گیزر کا استعمال ہرگز نہ کیا جائے۔ترجمان نے مزید کہا کہ گیس کمپریسر ز اور جنریٹرز کے استعمال کنندگان کے خلاف جاری گرینڈ آپریشن میں محکمے کو مقامی انتظامیہ کی بھرپور معاونت حاصل ہے ۔اس موقع پر ایک سوال کے جواب میں شاہد اکرم نے کہا کہ گیس کمپریسرز اور جنریٹرز کی کھلے عام فروخت بھی غیر قانونی ہے اس لیے وہ انتظامیہ سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ گیس کمپریسرز اور جنریٹرز کی غیر قانونی فروخت میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کریں کیونکہ گیس کمپریسرز کی فروخت درحقیقت شہریوں کی جانوں سے کھیلنے کے مترادف ہے ۔

متعلقہ عنوان :