کرسمس، نیو ایئر اور عید میلادالنبی ﷺ کے موقع پر سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات یقینی بنائے جائیں،زاہد سعید ،

سانحہ پشاور کے بعد سکولوں، ہسپتالوں ،پبلک مقامات اورمجموعی سیکیورٹی کیلئے جامع پلان تیار کر کے عمل درآمد شروع کر دیا گیا ہے،کمشنر راولپنڈی

بدھ 24 دسمبر 2014 20:23

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24دسمبر 2014ء ) کمشنر راولپنڈی زاہد سعید نے ہدایت دی ہے کہ کرسمس، نیو ایئر اور عید میلادالنبی ﷺ کے موقع پر سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات یقینی بنائے جائیں،سانحہ پشاور کے بعد سکولوں، ہسپتالوں ،پبلک مقامات اورمجموعی سیکیورٹی کیلئے جامع پلان تیار کر کے عمل درآمد شروع کر دیا گیا ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار کمشنر آفس راولپنڈی میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ انتظامیہ، پولیس اور حساس اداروں کے نمائندوں کے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

اجلاس میں آر پی او راولپنڈی اختر حیات لالیکا، سی پی او ہمایوں ارشد وڑائچ، ایس ایس پی سپیشل برانچ ، انتظامیہ اور پولیس کے متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

کمشنر راولپنڈی نے کہا کہ یونیورسٹیاں، کالج اور تعلیمی ادارے اپنے سیکیورٹی کے نظام کو مذید موثر اور مربوط بنائیں اور اس ضمن میں انتظامیہ اور پولیس بھی ان کو ممکنہ مدد اور رہنمائی فراہم کرے گی- زاہد سعید نے کہا کہ کرسمس کی تقریبات اور ر عید میلادالنبی ﷺ کے موقع پر جلوسوں کی سیکیورٹی کو یقینی بنایا جائے اور اس سلسلے میں سیکیورٹی پلان پر موثر عمل در آمد کیا جائے- کمشنر نے کہا کہ جامع سیکیورٹی کیلئے مربوط پٹرولنگ، نگرانی اور چیکنگ کا نظام مذید بہتر بنایا جائے اور مشتبہ افراد پر کڑی نگاہ رکھی جائے- انہوں نے کہا کہ موثر سیکیورٹی کے لئے شہری بالخصوص تاجر تنظیموں کے عہدیدار ، سرکاری اور پرائیویٹ تعلیمی اداروں کی انتظامیہ اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔

آر پی او اختر حیات لالیکا نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کرسمس، نیو ایئر اور ر عید میلادالنبی ﷺ کے سلسلے میں جامع سیکیورٹی پلان مرتب کر لیا گیا ہے اور کرسمس کے موقع پر منعقد ہونے والی تقریبات کو مکمل سیکیورٹی کور فراہم کیا جائے اور اسی طرح عید میلادالنبی ﷺ کے موقع پر جلوسوں کے روٹس کی سکرینگ، سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے نگرانی اور دیگر حفاظتی انتظامات یقینی بنائے جائیں گے- انہوں نے کہا کہ ڈویژن کے اضلاع میں امن و امان اور سیکیورٹی یقینی بنانے کے لئے مجموعی طور پر مرتب شدہ پلان پر فوری عمل درآمد شروع کر دیا گیا ہے اور پٹرولنگ ، نگرانی اور چیکنگ کے نظام کو مذید مربوط بنایا گیا ہے- انہوں نے کہا کہ دیگر سیکیورٹی اداروں کی مدد سے پولیس دن رات کام کر کے تحفظ عامہ کو یقینی بنائے گی- انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے شہریوں اور ر عید میلادالنبی ﷺ کی تنظیموں کے عہدادار اپنا بھرپور تعاون فراہم کریں- انہوں نے کہا کہ ہر شہری کا فرض ہے کہ وہ کسی بھی مشتبہ شخص کو دیکھے یا کوئی بھی ہنگامی صورتحال ہو تو فوری پولیس سے رابطہ کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :