لاہور نالج پارک میں ” ائر یونیورسٹی“ قائم کی جائیگی،اسسٹنٹ چیف آف ایئر سٹاف کی وزیر تعلیم پنجاب سے ملاقات ،

ملالہ فنڈ سے پنجاب میں سات ملین ڈالر لاگت سے بچیوں کے نئے تعلیمی ادارے قائم کرنے کا فیصلہ

بدھ 24 دسمبر 2014 20:18

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24دسمبر 2014ء ) پاکستان ائر فورس نے ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی لاہور سے ملحق لاہور نالج پارک میں ” ائر یونیورسٹی“ کے قیام کا فیصلہ کیا ہے،اسسٹنٹ چیف آف ائر سٹاف (پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ) ائر کموڈور غلام قادر کی سربراہی میں پی اے ایف کے چار رکنی وفد نے وزیر تعلیم پنجاب رانا مشہود احمد خاں سے ملاقات میں لاہور کی مجوزہ ائر یونیورسٹی کے لئے اراضی کے حصول سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔

اس موقع پر لاہور نالج پارک کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر شاہد زمان اور کمپنی کے سیکرٹری آصف بخاری بھی موجود تھے جنہوں نے لاہور نالج پارک کی ڈویلپمنٹ کی تازہ ترین صورتحال کے بارے میں وفد کو بریفنگ دی -صوبائی وزیر تعلیم نے پی اے ایف کی جانب سے لاہور میں ائر یونیورسٹی کے قیام کے منصوبے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ لاہور کی پرائم لوکیشن پر 852- ایکڑ رقبے میں نالج پارک قائم کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

جہاں عالمی معیار کی یونیورسٹیوں اور آئی سی ٹی کمپنیوں کے دفاتر بنانے کے لئے آسان ٹرمز پر حکومت پنجاب مطلوبہ اراضی فراہم کر رہی ہے -بین الاقوامی طور پر شہرت یافتہ یونیورسٹیوں اور پروفیشنل اداروں کے علاوہ معیاری تعلیم کے لئے لمز اور نسٹ سمیت کئی ممتاز پاکستانی یونیورسٹیوں کو بھی لاہور نالج پارک میں ایک کلسٹر کی صورت میں اپنے اپنے تدریسی بلاک تعمیر کرنے کی پیشکش کی گئی ہے جبکہ اس نالج پارک میں فیسٹیول سٹی ، فری ڈویلپمنٹ زون، کھیلوں کے مشترکہ سٹیڈیمز اور پارکنگ کی سہولت حکومت خود فراہم کرے گی ۔

اسی طرح لاہور نالج پارک کا 25 فیصد ایریا تجارتی مقاصد کے لئے مختص کیا گیا ہے ۔نہوں نے بتایا کہ ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب کی ملکیتی 852- ایکڑ پرائم لینڈپر ابھی تک سٹریتھ کلائیڈ یونیورسٹی برطانیہ ، ایس کیو اے یونیورسٹی سکاٹ لینڈ ، یونیورسٹی آف لوز ول ، امریکہ سمیت برطانیہ ، دوبئی ،یو ایس اے ،اٹلی ، فرانس اور جرمنی کی مختلف شہرہ آفاق یونیورسٹیوں کے ساتھ لاہور کیمپس کھولنے کے معاہدوں پر پہلے دستخط کئے جا چکے ہیں ۔

وزیر تعلیم پنجاب کی سربراہی میں لاہور نالج پارک کمپنی کا بورڈ آف ڈائریکٹرز تشکیل دیا جاچ کا ہے اور فنانشل کنسلٹنٹ کے طور پر ساتھ بین الاقوامی کمپنیوں کو شارٹ لسٹ کر لیا گیا ہے ۔وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف ان میں سے سب سے زیادہ قابل اعتماد ایک فرم کو اس عظیم پراجیکٹ کی فزیلیبٹی رپورٹ تیار کرنے کی ذمہ داری دیں گے جس کے بعداگلے ماہ لاہور نالج پارک کی انجینئرنگ سٹڈی کا آغاز ہو جائے گا -حکومت اس بات کو یقینی بنائے گی کہ نالج پارک میں تمام دانش گاہوں کو سازگار علمی ماحول دستیاب ہو اور آئی سی ٹی کمپنیوں کے لئے بھی موزوں ترین ریگولیٹری انوائرنمنٹ میسر آئے ۔

دریں اثناء پاکستان میں یونیسکو کی کنٹری ری پریزنٹیٹو مسز وائب کے جینسن (Vibeke Jensen) نے وزیر تعلیم پنجاب رانا مشہود احمد خاں سے ملاقات کی اور انہیں پنجاب میں لڑکیوں کی تعلیم کو فروغ دینے کے حوالے سے یونیسکو کی جانب سے قائم کئے گئے ” ملالہ فنڈ“ میں سے سات ملین ڈالر کی لاگت سے رسمی تعلیم کے ادارے اور غیر رسمی خواندگی سنٹرز کے قیام کی پیشکش کی -وزیر تعلیم نے یونیسکو کی ڈائریکٹر کو یقین دلایا کہ ملالہ پراجیکٹ کے تحت فروغ تعلیم کے ہر منصوبے کو شفاف ترین انداز میں پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا اور حکومت پنجاب کے محکمہ غیر رسمی تعلیم کے علاوہ سکولز ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ بھی اس سلسلے میں یونیسکو کی بھر پور معاونت کرے گا ۔

متعلقہ عنوان :