آج قائد اعظم، کے یقین محکم، نظم وضبط اور اتحاد کی تعلیمات ، فلسفے پر عمل کرنے کی اشد ضرورت ہے، سید قائم علی شاہ،

ہم سب کو پاکستان کی خوشحالی، استحکام کیلئے انفرادی واجتماعی طورپر کردارادا کرنا ہوگا،وزیراعلیٰ سندھ کا بانی پاکستان کی یوم ولادت کے موقع پر پیغام

بدھ 24 دسمبر 2014 20:18

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24دسمبر 2014ء) وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ اس وقت بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے یقین محکم، نظم وضبط اور اتحاد کی تعلیمات اور فلسفے پر عمل کرنے کی اشد ضرورت ہے تاکہ وطن عزیز کی شناخت اقوام عالم میں پرامن اور فلاحی ریاست کی طورپر ہو۔ برصغیر کے عظیم رہنما اور بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش کے موقعے پر قوم کو مبارکباد کے پیغام میں وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا کہ مملکت خداداد پاکستان ہمارے آباؤ اجداد کی انتھک جدوجہد اور لازوال قربانیوں کے بعد بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیاد ت میں حاصل کیا گیا تا کہ برصغیر کے مسلمان اپنی مذہبی اور سماجی زندگی آزادانہ اور پر امن ماحول میں بسر کرسکیں۔

(جاری ہے)

آج ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ ہم پاکستان کی خوشحالی اور استحکام کے لئے انفرادی اور اجتماعی طور پر اپنا کردار ادا کریں ۔ انہوں نے کہا کہ آج وطن عزیز کو انتہاپسندی، دہشت گردی ، منافرت سمیت کئی چیلنجزکا سامنا ہے جن سے نمٹنے کے لئے ہمیں بابائے قوم کے سنہری اصولوں پر عمل پیرا ہونا پڑے گا۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ بابائے قوم کے مستحکم اور مضبوط پاکستان کے خواب کی تعبیر کے لئے حکومت سندھ کی مدد اور تعاون کریں تاکہ ان مقاصد کو حاصل کیا جائے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کے تعلیمات کی پیروی کرتے ہوئے پی پی پی نے ہمیشہ جمہوریت کی مضبوطی، آئین پاکستان میں دیئے گئے لوگوں کی حقوق کے تحفظ اور وطن عزیز کو فلاحی مملکت بنانے کے لئے جدوجہد کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پر امن معاشرے کے قیام اور بھا ئی چارگی کی فضا کو فروغ دے کر ہم اپنے عظیم قائد کو زبردست خراج عقیدت پیش کر سکتے ہیں۔