تھر کے بچوں کی اموات کے ذمہ دار سندھ حکومت ہے ،جھوٹے دعوے ،وعدے کر کے غفلت کا مظاہرہ کررہی ہے،سردار نادر اکمل خان لغاری،

گزشتہ کئی مہینوں سے سیاسی جماعتوں ، میڈیا اور سماجی تنظیموں نے تھر کے معصوم بچوں کی اموات پر آواز بلند کی مگر حکمرانوں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگی، رہنماء تحریک انصاف

بدھ 24 دسمبر 2014 20:12

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24دسمبر 2014ء) پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر سردار نادر اکمل خان لغاری نے کہا ہے کہ تھر پار کر میں آج بھی روزانہ بچوں کی اموات ہورہی ہیں لیکن سندھ حکومت جھوٹے دعوے اور وعدے کر کے غفلت کا مظاہرہ کررہی ہے ،تھر کے بچوں کی اموات کے ذمہ دار سندھ حکومت ہے ۔ گزشتہ کئی مہینوں سے سیاسی جماعتوں ، میڈیا اور سماجی تنظیموں نے تھر کے معصوم بچوں کی اموات پر آواز بلند کی اور بھر پور نشاندہی کی لیکن حکمرانوں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی۔

یہ باتیں انہوں نے مرکزی میڈیا سیل کراچی میں اندرون سندھ سے آئے ہوئے مختلف وفود سے ملاقات کے موقع پربات چیت کرتے ہوئے کہیں۔ نادر اکمل خان لغاری نے مزید کہا کہ اگر حکمران عوام کی فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات کرتی تو آج سندھ کی یہ صورتحال نہ ہوتی ، کرپٹ حکمرانوں نے خصوصاً تھر پارکر اور پورے سندھ کو بے سہار ا سمجھ کر بے یارو مددگار چھوڑ رکھا ہے جو قوم کے لیے لمحہ فکریہ ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ اس کرپٹ حکمرانوں کے خلاف سندھ کے غیور عوام کو اور خصوصاً سندھ کے نوجوانوں کو متحد ہونا ہوگا اور ان موروثی و لٹیرے حکمرانوں سے حقیقی آزادی کے لیے تحریک انصاف کے قائد عمران خان کے ہاتھ مضبوط کرنے ہونگے ، پورا صوبہ سندھ مسائلستان بنا ہوا ہے ، سندھ کے نوجوانوں کو نہ تعلیم اورنہ روزگار میسر ہے ، سندھ کا پڑھا لکھا نوجوان ڈگری لیکر روزگار کے لیے در بدر کی ٹھوکریں کھا رہا ہے حکمران عوام کو نوکریاں دینے کے بجائے نوکریاں بیچنے کی منڈیاں قائم کرچکے ہیں جو سندھ کے نوجوانوں کے ساتھ سراسر ظلم ہے ۔

انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی ناقص اور کرپٹ پالیسیوں کی وجہ سے تھر کے معصوم بچے بھوک و افلاس کی وجہ سے جاں بحق ہورہے ہیں اور تھری ماؤں کی گودیں اجڑ رہی ہیں حکمران ہوش کے ناخن لیں امیر و غریب کا فرق ختم کر کے کسانوں ، مزدوروں اور ہاریوں کے معصوم بچوں کی جانیں بچانے کے لیے اپنے ضمیر کو جگائیں اگر حکمرانوں نے ہوش کے ناخن نہ لیے تو بہت جلد سندھ کی عوام کے ہاتھ حکمرانوں کے گریبانوں میں ہونگے۔