خواجہ سعد رفیق (کل) لاہور ریلوے اسٹیشن پر ہزارہ ایکسپریس کی نئی تزئین شدہ بوگیوں کا افتتاح کرینگے

بدھ 24 دسمبر 2014 19:59

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24دسمبر 2014ء ) وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق (کل)جمعرات کو لاہور ریلوے اسٹیشن پر ہزارہ ایکسپریس کی نئی تزئین شدہ بوگیوں کا افتتاح کریں گے۔ حویلیاں سے کراچی تک چلنے والی ہزارہ ایکسپریس کے سفر کا دورانیہ 33گھنٹے ہے اور پوری ٹرین اکانومی کلاس پرمشتمل ہے۔ وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق کی ہدایت پر پراکس نے اس ٹرین میں سفری سہولتوں کو بہتر بنانے کے علاوہ ان میں اضافہ بھی کیا ہے جن میں مسافروں کی سہولت کیلئے اعلانات کا انتظام ،خواتین کیلئے پردے کا اہتمام ، نماز کی ادائیگی کیلئے جگہ ، ڈائننگ کار میں چالیس مسافروں کیلئے بیٹھ کر کھانے کی سہولت کے علاوہ بند ڈبوں میں کھانے کی فراہمی ، ابتدائی طبی امداد سمیت متعدد سہولتیں بہم پہنچائی گئی ہیں۔

واش روم میں نئے آئینوں کی تنصیب ، ہر کوچ میں سیٹوں کو مزید آرام دہ اور کوچ کے فرش کی مرمت اور ضروری تزئین وآرائش بھی کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

دریں اثناء خواجہ سعد رفیق آج شام عمرے کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب روانہ ہوجائیں گے۔ ان کے اہلِ خانہ بھی ان کے ہمراہ ہوں گے۔وہ 6جنوری کو وطن واپس آئیں گے۔ سعودی عرب میں گیارہ روزہ قیام کے دوران وہ مسجدِ نبوی اور دیگر مقاماتِ مقدسہ پر حاضری کے علاوہ سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں سے ملاقاتیں بھی کریں گے اور پاکستان ریلویزکی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کیلئے ان سے تبادلہٴ خیال کریں گے۔