کوئٹہ، صوبے میں امن وامان کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے سیکورٹی انتظامات کومزید سخت بنایاجائے گا،سرفراز بگٹی

بدھ 24 دسمبر 2014 19:48

کوئٹہ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24دسمبر 2014ء) صوبہ بھربالخصوص صوبائی دارلحکومت کوئٹہ میں امن وامان کی صورتحال کوبرقراررکھنے کیلئے اقدامات کومزید موثراورسیکورٹی انتظامات کومزید سخت بنایاجائے گا اوردہشت گردعناصر کے خلاف بھرپورکاروائی کی جائے گی ،اس بات کافیصلہ بدھ کے روزیہاں منعقدہونے والے اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیاگیا جس میں صوبائی ورزرأ میرسرفرازبگٹی ،عبدالرحیم زیارتوال،ڈاکٹرحامدخان اچکزئی، نواب ایازخان جوگیزئی،سردارمصطفےٰ خان ترین،مشیرجنگلات عبیداللہ بابت،مشیرتعلیم سرداررضامحمدبڑیچ،چیف سیکرٹری بلوچستان سیف اللہ چٹھہ،سیکرٹری داخلہ اکبرحسین درانی اوردیگر متعلقہ حکام شریک ہوئے۔

اجلاس میں صدرمملکت کے دورہٴ بلوچستان کے انتظامات اورسیکورٹی اقدامات کے ساتھ ساتھ صوبے میں امن وامان کی مجموعی صورتحال کاجائزہ لیاگیااوراس ضمن میں متعلقہ حکام کی جانب سے اجلاس کو بریفنگ دی گئی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ عوام کے جان ومال کے تحفظ کیلئے تمام ممکنہ اقدامات اوردستیاب وسائل بروئے کارلائے جائیں گے اوردہشت گردعناصر کے خلاف پوری قوت سے کاروائی کی جائے گی۔اجلاس میں صدرمملکت کے دورے کیلئے سیکورٹی اقدامات کو حتمی شکل دی گئی جبکہ اجلاس کے دوران سانحہ پشاور کی پرزورمذمت کرتے ہوئے اسے تاریخ کاسیاہ باب قراردیاگیا۔اجلاس میں سانحہ پشاور کے شہدأ کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔