بھارت سپورٹس کا فروغ چاہتا ہے تو تعصب سے ہٹ کر میرٹ پر مقابلوں کا انعقاد کرائے، اکمل ڈوگر، مشرف جنجوعہ،

ورلڈ کبڈی لیگ اور کبڈی ورلڈ کپ سے حاصل ہونیوالے تجربے کا فائدہ ٹیم کو 2015ء میں ہونیوالے ایونٹس میں ہوگا، کبڈی کے معروف کھلاڑیوں کا انٹرویو

بدھ 24 دسمبر 2014 19:48

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24دسمبر 2014ء ) قومی کبڈی ٹیم کے نامور کھلاڑیوں اکمل شہزاد ڈوگر اور مشرف جاوید جنجوعہ نے کہا ہے کہ پاکستان کی کبڈی ٹیم نے حال ہی میں ہونیوالے دو بڑے ایونٹس ورلڈ کبڈی لیگ اور کبڈی ورلڈ کپ سے بہت تجربہ حاصل کیا ہے جس کا فائدہ ٹیم کو 2015ء میں ہونیوالے ایونٹس میں ہوگا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے سپورٹس بورڈ پنجاب میں بدھ کے روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

معروف کھلاڑیوں اکمل شہزاد ڈوگر اور مشرف جاوید جنجوعہ نے کہا کہ گزشتہ چند ماہ میں پاکستان کی ٹیم نے دنیا بھر میں مختلف مقابلوں میں حصہ لیا ہے جس سے ٹیم کی کارکردگی بہت بہتر ہوئی ہے،یہی وجہ سے کبڈی ورلڈ کپ میں ہماری ٹیم کی کارکردگی سب سے شاندار رہی، انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کبڈی ورلڈ کپ میں پاکستان کیخلاف غلط فیصلے دیئے گئے جس سے کھیل کو نقصان پہنچا ہے، بھارت نے اگر سپورٹس کو فروغ دینا ہے تو وہ تعصب سے ہٹ کر میرٹ پر مقابلوں کا انعقاد کرائے،بھارتی انتظامیہ نے بھی بے ایمانی کی انتہا کردی، فائنل میں بھارت کے تمام کھلاڑی اپنے جسموں پر بام مل کر کھیلے جو کہ سراسر غلط ہے، ہم نے میچ کے دوران بھی احتجاج کیا مگر ہمارے ساتھ بدتمیزی کی گئی،پاکستان کے بغیر کبڈی کا کوئی بھی عالمی ایونٹ منعقد نہیں ہوسکتا، بھارت کو اصولوں اور قوانین کے مطابق ایونٹ منعقد کرانے چاہئیں، سب نے دیکھا کہ میچ کے شروع سے لیکر آخر تک پاکستان کا پلہ بھاری رہا مگر جونہی بھارت نے برتری حاصل کی ریفری نے میچ ختم کرادیا اگر پورا وقت دیا جاتا تو ہم بھارت کی برتری ختم کرکے میچ جیت جاتے۔

(جاری ہے)

اکمل شہزاد ڈوگر اور مشرف جنجوعہ نے کہا کہ تمام ٹیم ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور کی شکرگزار ہے کہ انہوں نے چند سالوں میں ہی کبڈی کے کھیل کو عروج پر پہنچا دیا ہے۔

متعلقہ عنوان :