حکومت دہشت گردی کے نیٹ ورک کے خاتمے کیلئے عملی انقلابی اقدامات پر عمل پیرا ہے، نگہت پروین میر،

ویزراعظم نے دہشت گردی کے معاملے پر اے پی سی بلا کر قوم کو یک نکاتی ایجنڈے پر متحد کردیا، مستقبل میں مثبت ثمرات برآمد ہونگے، رہنماء ن لیگ

بدھ 24 دسمبر 2014 19:09

جہلم (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24دسمبر 2014ء) مسلم لیگ ن شعبہ خواتین کی رہنما اور رکن قومی اسمبلی نگہت پروین میر نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کی قیادت اور حکومت دہشت گردی کے نیٹ ورک کے خاتمے کے لئے عملی انقلابی اقدامات پر عمل پیرا ہے اور دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑنے کے لئے قومی مفاہمت کی پالسیی اپنائے ہوئے ہے ،وزیر اعظم نواز شریف نے دہشت گردی کے حساس ایشو پر اے پی سی بلا کر قوم کو یک نکاتی ایجنڈے پر متحد کر دیا ہے جس کے مستقبل میں نہایت دیرپا اور نہایت مثبت ثمرات برآمد ہونگے اپنے ایک بیان میں نگہت میر نے کہا کہ ماضی کی حکومت نے سزائے موت پر عمل درآمد معطل کر کے ملک و ملت کو ناقابل تلافی نقصان سے دوچار کیا ،اور دہشت گردوں کو سزائے موت نہ دینے سے ان کے حوصلے بڑھے جس سے نہ صرف ہزاروں بے گناہ اور معصوم شہری دہشت گردی کی بھینٹ چڑھے بلکہ بیرونی سرمایہ کاری کا عمل بھی شدید متاثر ہوا اور وطن عزیز دہشت گردوں کی آماجگاہ بن کر رہ گیاانہوں نے کہا کہ سانحہ پشاور نے پوری قوم کو سوگوار کیا اور میاں نواز شریف نے قوم کو دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کے لئے ایک پلیٹ پر متحد کر کے دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن جنگ کا اعلان کیا ہے ،دہشت گردوں کے ساتھ ان کے پشت پناہوں کے خلاف بھی قانون پر عمل درآمد کو یقینی بنانے سے دہشت گردی کا نیٹ ورک ٹوٹے گا انہوں نے کہا پاک فوج دہشت گردوں کے خلاف جرائت مندانہ جنگ لڑ رہی ہے ،آپریشن ضرب عضب نے دہشت گردوں کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے اور اب سزائے موت کے قانون پر عمل درآمد شروع ہونے سے دہشت گردوں پر موت طاری ہے اور وہ پھانسی سے قبل یہ اعلانات کر رہے ہیں کہ کوئی دہشت گردی نہ کرے ، نگہت میر نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف وزیر اعظم کی طرف سے آل پارٹی کانفرنسز کے انعقاد سے یہ ثابت ہو گیا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف پوری قوم متحد ہے اور اب دہشت گردوں کو کہیں پناہ نہیں ملے گی۔

متعلقہ عنوان :