مسیحی برادری کرسمس پر ملکی سلامتی کے لئے دعاؤں کا اہتمام کرے ، گیان چند اسرانی،

اپنی عبادات اور دعاؤں میں سانحہ پشاور کے شہداء کو بھی ضرور یاد رکھیں ، وزیر اقلیتی امورسندھ

بدھ 24 دسمبر 2014 19:07

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24دسمبر 2014ء) صوبائی وزیر اقلیتی امور ‘ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ‘ جنگلات و جنگلی حیات گیان چند اسرانی نے کرسمس کے تہوار پر تمام مسیحی برادری کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ مسیحی برادری کرسمس کے موقع پر عبادات اور دعاؤں میں پاکستان کی سلامتی اور خوشحالی کے لئے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کریں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہر کے گرجا گھروں کا دورہ کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر صوبائی وزیر کے ہمراہ مسیحی برادری کے عمائدین بھی تھے ۔ انہوں نے کہا کہ آج کے حالات میں ہمارا وطن نازک حالات سے گزر رہا ہے اس لئے ہماری بشمول اقلیتی برادری کی اجتماعی ذمہ داری ہے کہ ہم اپنی قومی ذمہ داریوں کا احساس کریں اور افواج پاکستان کے ہاتھ مضبوط کریں تاکہ وطن دشمن اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہ ہوسکیں ۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے کہا کہ سانحہ پشاور نے ساری دنیا کے انسانوں کو متاثر کیا ہے اور حساس دل رکھنے والے تمام انسان اس دلخراش واقعہ کے اثرات کو بھلا نہیں سکے ہیں اس نے تمام دنیا کے انسانوں کو جھنجوڑدیا ہے لہذا کرسمس کے مقدس تہوار پر سانحہ پشاو ر کے شہداء کے لئے خصوصی دعائیں بھی کی جائیں۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی جمہوری حکومت انسانی اقدار پر یقین رکھنے والی جماعت ہے جو پاکستان کی تمام اقلیتوں کو برابر کا شہری سمجھتے ہوئے ان کے ساتھ تمام معاملات میں برابری کا سلوک رکھتی ہے اس ضمن میں چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی خصوصی ہدایات ہیں کہ اقلیتوں کے ساتھ کوئی نا انصافی نہ ہونے پائے جس سے پاکستان کا قومی تشخص مجروح ہو یا پاکستان کے وقار پر کوئی آنچ آئے ۔

انہوں نے کہا کہ کرسمس کے موقع پر صوبہ کے تمام گرجا گھروں کو مناسب سیکیورٹی فراہم کی جائے گی جس کے لئے تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں بشمول پولیس کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں تاکہ اس دن کوئی نا خوشگوار واقعہ پیش نہ آسکے ۔ اس موقع پر مسیحی برادری کے عمائدین نے صوبائی وزیر کا شکریہ ادا کیا ۔