ورک پلیس پر خواتین کو ہراساں کئے جانے کے خلاف تحفظ “کے قانون سے متعلق آگاہی مہم کا آغاز کیا جائے گا، محتسب اعلیٰ پیر علی شاہ

بدھ 24 دسمبر 2014 19:07

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24دسمبر 2014ء) محتسب اعلیٰ برائے ” ورک پلیس پر خواتین کو ہراساں کئے جانے کے خلاف تحفظ “ جناب پیر علی شاہ نے کہا کہ نئے سال کے آغاز پر باقاعدہ طور سے آگاہی مہم کا آغاز کیاجائے گا ۔ ورج پلیس پر کام کرنے والی خواتین کو ہراساں کئے جانے کے خلاف تحفظ کے قوانین سے متعلق معلومات فراہم کی جائیں گی اس مقصد کے لئے تمام ذرائع پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کو بھی استعمال کیاجائے گا ۔

ان خیالات کا اظہار محتسب اعلیٰ نے اپنے دفتر میں ایمپلی منٹیشن آف پروٹیکشن اگینسٹ ہراسمینٹ آف وویمن ایٹ ورک پلیس کے حوالے سے منعقدہ ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اجلاس میں صوبہ بھر میں قائم دفاتر کے ڈسٹرکٹ انچارجز نے محتسب اعلیٰ کو پروگریس رپورٹس پیش کیں ۔

(جاری ہے)

ورکشاپ میں ڈائریکٹر ایڈمن اینڈ ہیومن ریسورس جناب سید عبداللہ شاہ نے محکمہ کی کارکردگی پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ اب تک 13 ڈسٹرکٹ میں کمپلین سینٹرز قائم کئے جاچکے ہیں جن میں ڈسٹرکٹ کراچی ساؤتھ‘ کراچی ویسٹ ‘ کراچی سینٹرل ‘ کراچی ایسٹ ‘ ملیر ‘ کورنگی ‘ حیدرآباد ‘ ٹھٹھہ ‘ عمر کوٹ ‘ خیرپور ‘ مٹیاری ‘ ٹنڈوالہ یار ‘ نوشہروفیروز شامل ہیں۔

ان شکایتی مراکز کے قیام کا مقصد خواتین کو سہولیات فراہم کرنا ہے تاکہ وہ ورک پلیس پر بھرپور تحفظ کے ساتھ کام انجام دے سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ اب تک 250 اداروں میں انکوائری کمیٹیاں قائم کی جاچکی ہیں اور رواں سال میں 61 شکایات درج کی گئیں جن میں سے 46 شکایات کا ازالہ کیا جاچکا ہے جبکہ 14 شکایات پروسس میں ہیں اور خواتین کو ورک پلیس پر ہراساں کئے جانے کے خلاف تحفظ کے حوالے سے موجود قوانین سے متعلق آگاہی کی فراہمی کے لئے صوبہ بھر میں اردو ‘ انگریزی اور سندھی میں ہزاروں کی تعداد میں پمفلٹس تقسیم کئے جاچکے ہیں ۔

ورکشاپ میں محتسب اعلیٰ نے ڈسٹرکٹ انچارجز کی کارکردگی کو سراہا اور محکمہ کی بہتر کارکردگی کے لئے بھرپور محنت اور لگن سے کام کرنے کی ہدایات جاری کیں ۔ اس موقع پر سانحہ پشاور کے حوالے سے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے 2 منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی اور خصوصی فاتحہ خوانی کا اہتمام کیا گیا ۔