لاہور ہائیکورٹ ، ادویات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف دائر درخواست، پر مسابقتی کمیشن اور ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کو نوٹس جاری

بدھ 24 دسمبر 2014 18:47

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24دسمبر 2014ء) لاہور ہائیکورٹ نے ادویات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف دائر درخواست پر مسابقتی کمیشن اور ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سید منصور علی شاہ نے کیس کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

عدالتی سماعت کے دوران درخواست گزار نبیل رفاقت کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ادویہ ساز کمپنیوں نے کینسر،ہیپاٹائٹس سمیت دیگر موذی بیماریوں کے علاوہ جان بچانے والی ادویات کی قیمتوں میں کسی فارمولے کے بغیر از خود اضافہ کر رکھا ہے۔

ادویہ کی قیمتوں کے تعین کے لئے حکومت کی طرف سے کوئی فارمولا نہیں ہے جسکی وجہ سے ہزاروں مریض مہنگی ادویات خریدنے کی سکت نہیں رکھتے اور سسک سسک کر جان دے دیتے ہیں۔انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ ادویہ ساز اداروں کو قیمتوں کے تعین سے متعلق قانون کے دائرے میں لانے کے لئے حکومت کو موثر قانون سازی کا حکم دیا جائے۔جس پر عدالت نے مسابقتی کمیشن اور ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کوچار فروری کے لئے نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔

متعلقہ عنوان :