صوبائی حکومت نے حج ،عمرہ سمیت ہوائی سفر پرفی ٹکٹ ”پنجاب ٹیکس“ لاگوکر دیا،

پنجاب ریونیو اتھارٹی نے سیلز ٹیکس سروس ایکٹ 2012 کے تحت نیاٹیکس فوری وصول کرنے کیلئے ٹریول ایجنٹس کو آگاہ کر دیا، عمرہ اور حج کی ٹکٹس مزید مہنگی ہونگی،دس ہزار سے زائد ٹریول ایجنٹس روزانہ کی بنیاد پر سینکڑوں مسافروں کو ٹکٹ جاری کرتے ہیں،قائم مقام سیکرٹری ٹیپ

بدھ 24 دسمبر 2014 18:40

صوبائی حکومت نے حج ،عمرہ سمیت ہوائی سفر پرفی ٹکٹ ”پنجاب ٹیکس“ لاگوکر ..

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24دسمبر 2014ء) صوبائی حکومت نے حج اور عمرہ زائرین سمیت اندرون اور بیرون ملک ہوائی سفر پرفی ٹکٹ ”پنجاب ٹیکس“ لاگوکر دیا ہے۔پنجاب ریونیو اتھارٹی اور ٹریول ایجنٹ ایسوسی ایشن آف پاکستان نارتھ زون میں” ہوائی سفر پر پنجاب ٹیکس“ کے نام سے نیا ٹیکس لاگو کرنے کے حوالے سے مذاکرات تیسرے مرحلے میں پہنچ کر کامیاب ہو گئے ہیں۔

قائم مقام سیکرٹری ٹیپ نارتھ زون( پنجاب،اسلام آباد،کے پی کے، فاٹا) محمد عامر بٹ کی طرف سے ٹریول ایجنٹس کو پنجاب ریونیو اتھارٹی سے طے پانے والے معاملات کے حوالے سے جاری ایک لیٹر میں کہا گیا ہے کہ پنجاب ریونیو اتھارٹی نے فی ٹکٹ خالص منافع کے ایک فی صد کا 16 فیصد لاگو کر دیا ہے جو پنجاب ،اسلام آباد،کے پی کے اور فاٹا سے اندرون اور بیرون ملک ہوائی سفر کرنے والی تمام مسافر ٹکٹوں پر فوری لاگو ہوگا۔

(جاری ہے)

ٹریول ایجنٹس کو پنجاب ریونیو اتھارٹی کی طرف سے دئیے گئے آن لائن چلان فارم کے ذریعے جمع کروانا ہوگا۔یاد رہے کہ پنجاب ریونیو اتھارٹی اورٹریول ایجنٹ ایسوسی ایشن آف پاکستان کے نمائندوں میں ستمبر2014 سے ٹیکس کے نفاذ کے حوالے سے مذاکرات ہو رہے تھے تاہم ٹریول ایجنٹ ایسوسی ایشن آف پاکستان کے کمیٹی چیئرمین ڈاکٹر شریف خان بلوچ ، ممبران اشفاق احمد مرزا،مسعود صادق اور احتشام نعیم پر مشتمل کمیٹی نے اندرون ملک تمام مسافروں سے فی ٹکٹ 15 روپے اور بیرون ملک سفر کرنے والے مسافروں سے 35روپے فی ٹکٹ ٹیکس لگانے کی تجویز دی جبکہ پنجاب ریونیو اتھارٹی اندرون ملک تمام مسافروں سے فی ٹکٹ 35 روپے اور بیرون ملک سفر کرنے والے مسافروں سے50روپے فی ٹکٹ ٹیکس لاگو کرنا چاہتا تھا۔

جبکہ محکمہ کی طرف سے باقاعدہ کوئی نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا جارہا تھا۔گزشتہ روز ٹریول ایجنٹ ایسوسی ایشن آف پاکستان کے زونل آفس ڈیوس روڈ لاہور میں ہونے والی میٹنگ میں پنجاب ریونیو اتھارٹی کی طرف سے ٹیکس کمشنر شہزاد محمود گوندل،ایڈیشنل کمشنرمحمد سلمان اورڈپٹی کمشنر ضیاالرحمان نے فی ٹکٹ خالص منافع کے ایک فی صد کا 16 فیصد وصول کرنے کے احکامات دئیے جو ٹریول ایجنٹ ایسوسی ایشن آف پاکستان کی مذاکراتی کمیٹی نے تسلیم کر لئے ۔یاد رہے کہ پنجاب سمیت ملک بھر کے دس ہزار سے زائد ٹریول ایجنٹس روزانہ کی بنیاد پر اندرون اور بیرون ملک سفر کرنے والے سینکڑوں مسافروں کو ٹکٹ جاری کرتے ہیں۔نئے احکامات سے حج اور عمرہ سمیت تمام مسافر ٹکٹس مزید مہنگی ہو جائیں گی

متعلقہ عنوان :