امریکی صدر اوباما کا شمالی کوریا کی دھمکیوں کے باوجود آمر حکمران کم جونگ کی شخصیت پر مزاحیہ فلم دی انٹرویو کی نمائش کے لیے پیش کرنے کے فیصلے کا خیر مقدم

بدھ 24 دسمبر 2014 18:31

امریکی صدر اوباما کا شمالی کوریا کی دھمکیوں کے باوجود آمر حکمران کم ..

واشنگٹن( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24دسمبر 2014ء) امریکی صدر براک اوباما نے شمالی کوریا کی دھمکیوں کے باوجود آمر حکمران کم جونگ اْن کی شخصیت کے حوالے سے سونی پکچرز کی تیارکردہ مزاحیہ فلم دی انٹرویو کی نمائش کے لیے پیش کرنے کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔ترجمان ایرک شلز نے اخبار نویسوں کو بتایا کہ امریکی صدر نے واضح کیا ہے کہ ہم آزادی اظہار میں یقین رکھنے والی قوم ہیں۔

ہم فنکارانہ اظہار کے حق میں ہیں۔یاد رہے فلمیں بنانے والے ادارے سونی پکچرز انٹرٹینمنٹ نے شمالی کوریا کے آمر حکمران کم جونگ اْن کی شخصیت کے حوالے سے بنائی گئی مزاحیہ فلم ’دی انٹرویو‘ کو محدود نمائش کے لیے پیش کرنے کا اعلان کیا ہے۔سونی انٹرٹینمنٹ کی اس فلم کی ریلیز اس وقت تعطل کا شکار ہو گئی تھی، جب ایک سائبر حملے کے بعد امریکا اور شمالی کوریا کے درمیان سخت جملوں کا تبادلہ دیکھا گیا تھا اور یہ معاملہ ایک بین الاقوامی تنازعے کی شکل اختیار کر گیا تھا۔

(جاری ہے)

امریکا نے اِس حملے کو ملکی سکیورٹی پر حملے کے تناظر میں دیکھا تھا۔ دوسری جانب شمالی کوریا نے سونی پکچرز پر سائبر حملے کی تردید کی تھی۔ ابتدائی پروگرام اور پلان کے تحت پچیس دسمبر کو فلم ’دی انٹرویو‘ کا ریڈ کارپٹ افتتاح نیویارک کے سن شائن سینما گھر پر کیا جانا تھا۔سونی انٹرٹینمنٹ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر مائیکل لینٹن نے گذشتہ روز کہا کہ کرسمس کے دن متعدد تھیٹروں میں یہ فلم نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ان کا ادارہ اس کوشش میں ہے کہ اس فلم کو دیگر تھیٹروں میں بھی پیش کیا جا سکے۔لیٹن کا کہنا تھا کہ سونی نے کبھی نہیں کہا کہ یہ فلم ریلیز نہیں کی جائے گی۔ لیٹن کے مطابق امید ہے کہ فلم کی بھرپور ریلیز کی جانب یہ پہلا قدم ہو گا۔ چند روز قبل سونی پکچرز کی جانب سے ریلیز کی منسوخی کا اعلان کرنے کی ایک وجہ کئی سینما گھروں کی جانب سے فلم دکھانے سے معذرت بھی تھا۔

متعلقہ عنوان :