ورلڈ کپ کے 15رکنی حتمی اسکواڈ میں سعید اجمل کا نام شامل کرنے کا فیصلہ ،

سعید اجمل اور محمد حفیظ کے ایکشن کی درستگی کیلئے نیشنل اکیڈمی میں کام جاری ،ثقلین مشتاق ورلڈ کپ سے پہلے کلیئرنس کے لیے پراعتماد ، حفیظ کے ایکشن میں معمولی سی خامی ہے جو با آسانی دور ہوجائیگی، سعید اجمل کی بھی بیشتر گیندیں قانونی حد میں آگئی ہیں‘ سابق اسپنر، سعید اجمل نئی ڈیلیوری پر بھی کام کررہے ہیں جس کو گروم کرنے کے بعد وہ ”دوسرا “کے بغیر بھی موثر ثابت ہونگے‘ محمد اکرم

بدھ 24 دسمبر 2014 18:19

ورلڈ کپ کے 15رکنی حتمی اسکواڈ میں سعید اجمل کا نام شامل کرنے کا فیصلہ ..

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24دسمبر 2014ء)ورلڈ کپ کے 15رکنی حتمی اسکواڈ میں سعید اجمل کا نام شامل کرنیکا فیصلہ کرلیا گیا ،کلیئر ہونے کی صورت میں ورلڈ کپ کھیلیں گے۔مشکوک بولنگ ایکشن کیوجہ سے معطلی کاشکار بولرزورلڈ کپ اسکواڈکی ڈیڈ لائن سے مستثنیٰہیں جبکہ آئی سی سی نے اس بات کی اجازت دی ہے کہ کلیئرنہ ہونے پر ان کی جگہ متبادل کھلاڑی شامل کیاجاسکتاہے،ورلڈ کپ کے لئے 15رکنی اسکواڈ کے نام بھیجنے کی آخری تاریخ 7جنوری ہے۔

سعید اجمل کے ورلڈ کپ کھیلنے یا نہ کھیلنے کا فیصلہ کلیئرنس رپورٹ سے مشروط ہے۔ علاوہ ازیں سعید اجمل اور محمد حفیظ کے ایکشن کی درستگی کے لئے نیشنل اکیڈمی میں کام جاری ہے ،ایکشن کی بہتری کے لیے سابق ٹیسٹ کرکٹر ثقلین مشتاق دونوں بولرز کی نگرانی کر رہے ہیں جو ورلڈ کپ سے پہلے ان کی کلیئرنس کے لیے پراعتماد ہیں۔

(جاری ہے)

جبکہ اکیڈمی کے دیگر کوچز بھی اس میں اپنی معاونت دے رہے ہیں۔

ثقلین مشتاق کا کہنا ہے کہ دونوں بولرز ورلڈ کپ سے پہلے کلیئر ہوجائیں گے۔ محمد حفیظ کے ایکشن میں معمولی سی خامی ہے جو با آسانی دور ہوجائے گی۔ سعید اجمل کی بھی بیشتر گیندیں قانونی حد میں آگئی ہیں۔ تین چار ڈگری کا جو فرق ہے وہ سعید اجمل جلد ٹھیک کرلیں گے۔نیشنل اکیڈمی کے کوچ محمد اکرم کا کہنا ہے کہ کینیا کے خلاف آخری دو ون ڈے میں سعید اجمل کو پاکستان اے ٹیم میں شامل کیا گیا جس میں انہوں نے تین وکٹیں لیں اور ان کے ایکشن میں نمایاں بہتری نظر آئی۔

صرف دوسرا ڈیلیوری پر سعید اجمل کے بازو کا خم قانونی حد سے زیادہ ہے۔ وہ ایک نئی ڈیلیوری پر بھی کام کررہے ہیں جس کو گروم کرنے کے بعد وہ ”دوسرا “کے بغیر بھی موثر ثابت ہوں گے۔ اس بارے میں سعید اجمل نے اشارہ دیا کہ وہ کیرم بال پر کام کر رہے ہیں۔