گوادر سے کاشغر معاشی راہداری سمیت ترقیاتی منصوبوں کے فوائد کے صحیح حقدار مقامی لوگ ہیں ،صدر ممنون حسین ،

حکومت بلوچستان کے ساتھ ماضی میں روا رکھے جانے والی پالیسیوں کے برعکس عوام کی فلاح وبہبود کے لئے عملی اقدامات اٹھارہی ہے، گور نرسے گفتگو

بدھ 24 دسمبر 2014 18:16

گوادر سے کاشغر معاشی راہداری سمیت ترقیاتی منصوبوں کے فوائد کے صحیح ..

کوئٹہ ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24دسمبر 2014ء) صدرمملکت نے کہاہے کہ گوادر سے کاشغر معاشی راہداری سمیت ترقیاتی منصوبوں کے فوائد کے صحیح حقدار مقامی لوگ ہیں حکومت بلوچستان کے ساتھ ماضی میں روا رکھے جانے والی پالیسیوں کے برعکس عوام کی فلاح وبہبود کے لئے عملی اقدامات اٹھارہی ہے۔ بدھ کو صدر مملکت سید ممنون حسین سے کوئٹہ میں گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے ملاقات کی۔

ملاقات میں گوادر سے کاشغر معاشی راہداری کے منصوبے  معاشی راہداری کے منصوبے میں مرحلہ وار اور ریل نیٹ ورک کی تعمیر اور بلوچستان کے انتظامی و ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ ملاقا ت میں صدر مملکت نے کہا کہ ماضی میں بلوچستان کی معاشی اور اقتصادی اہمیت پر توجہ نہیں دی گئی، لیکن جمہوری حکومت بلوچستان کی ترقی اور اسے ملک کے دوسرے صوبوں کے برابر ترقی دینے کے لئے تمام کوششیں کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گوادر سے کاشغر تک معاشی راہداری کا منصوبہ بلوچستان کے تعاون کے بغیر ناممکن ہے۔ منصوبہ کی تعمیر کے بعد معاشی راہداری کے مثبت اثرات سے بلوچستان کے عوام بھی براہ راست مستفید ہوں گے۔ گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے بلوچستان کی ترقی کے لئے جمہوری حکومت کی کوششوں کو سراہتے ہوئے صوبہ کے انتظامی معاملات اور اہم امور پر صدر مملکت کو آگاہ کیا۔

ملاقات میں گورنر بلوچستان کے بڑے بھائی احمد خان اچکزئی کی وفات پر مرحوم کے درجات کی بلندی کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی۔قبل ازیں صدر مملکت کی گورنر ہاؤس آمد پر بلوچستان کانسٹیبلری کے چاک وچوبند دستے نے سلامی دی۔ قبل ازیں صدرمملکت ممنو ن حسین تین روزہ دورے پر بدھ کے رو ز کوئٹہ پہنچے توایئرپورٹ پر گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی، صوبائی وزراء نواب محمد ایازخان جوگیزئی، نواب محمد خان شاہوانی، رحمت صالح بلوچ، سردا راسلم بزنجو، عبدالرحیم زیارتوال، شیخ جعفرخان مندوخیل، سردار مصطفی ترین، عبید اللہ بابت، سردار رضا محمد بڑیچ، ڈاکٹر حامد اچکزئی، وزیراعلیٰ کے مشیر حاجی جمال شاہ کاکڑ، چیف سیکرٹری بلوچستان اور کمشنر کوئٹہ نے ان کا استقبال کیا۔